تہوّر رانا آج دوپہر دہلی لایا جائے گا، تہاڑ جیل میں رکھنے کی تیاری، این آئی اے عدالت میں پیشی متوقع
ممبئی 26/11 حملے کے ملزم تہور رانا کو آج امریکہ سے دہلی لایا جائے گا، تہاڑ جیل میں رکھا جائے گا، خصوصی این آئی اے عدالت میں پیشی ہوگی، تمام سماعتیں دہلی میں ہوں گی

سوشل میڈیا
نئی دہلی: 26/11 ممبئی حملے کے مرکزی ملزم تہور حسین رانا کو آج دوپہر ایک خصوصی طیارے کے ذریعے امریکہ سے دہلی لایا جا رہا ہے۔ دہلی پہنچنے کے بعد قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) اسے باضابطہ طور پر گرفتار کرے گی اور پھر اسے تہاڑ جیل منتقل کر دیا جائے گا۔ اس کیس کی سماعت دہلی کی خصوصی این آئی اے عدالت میں ہوگی، اس لیے رانا کو ممبئی لے جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
رپورٹس کے مطابق، تہاڑ جیل میں تہور رانا کی سکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ عدالت میں پیشی کے دوران این آئی اے ملزم کی حراستی ریمانڈ مانگے گی تاکہ اس سے تفتیش کی جا سکے۔ امکان ہے کہ آج عدالت بند ہونے کی وجہ سے رانا کو خصوصی جج کے سامنے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے پیش کیا جائے گا، بصورت دیگر اسے جج کی رہائش گاہ پر پیش کیا جا سکتا ہے۔
فروری 2024 میں دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے ممبئی حملوں سے متعلق ٹرائل ریکارڈ واپس منگوایا تھا۔ یہ فیصلہ این آئی اے کی اس درخواست پر کیا گیا تھا جس میں کیس کی تمام کارروائی ممبئی سے دہلی منتقل کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔ اب تمام عدالتی کارروائی دہلی میں ہی ہوگی۔
تہور حسین رانا پاکستان آرمی کا سابق کپتان اور کینیڈا میں مقیم بزنس مین ہے۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے امریکہ میں اپنی امیگریشن کمپنی کا غلط استعمال کرتے ہوئے 26/11 کے شریک سازشی ڈیوڈ ہیڈلی کو جعلی دستاویزات فراہم کیں، جنہیں ممبئی میں مقامات کی ریکی کے لیے استعمال کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق، نومبر 2008 میں رانا خود بھی ممبئی آیا تھا اور اس نے پوی کے ایک ہوٹل میں قیام کے دوران حملے کی تیاریاں دیکھی تھیں۔
رپورٹس کے مطابق، ہندوستان نے 2018 میں رانا کے خلاف امریکہ سے حوالگی کی درخواست دی تھی۔ طویل قانونی جنگ کے بعد فروری 2024 میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اس کے بھارت کو حوالے کیے جانے کی باضابطہ منظوری دی۔ رانا نے اس فیصلے کے خلاف امریکی سپریم کورٹ میں اپیل کی تھی، لیکن اس کی درخواست خارج کر دی گئی۔
اب تہور رانا پر دہلی کی این آئی اے عدالت میں مقدمہ چلے گا اور اسے ان 166 بے گناہوں کے قتل کے لیے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، جو 2008 میں ممبئی میں ہوئے دہشت گرد حملوں میں ہلاک ہوئے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔