انٹر امتحان: خودکشی کرنے والے طلبہ کے خاندانوں کو 25 لاکھ دینے کا مطالبہ

صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ انٹرمیڈیٹ کے نتائج میں بے قاعدگیوں کے سبب حکومت سے طلبہ کا بھروسہ اٹھ گیا ہے۔حکومت کی ناکامی پر ان نتائج کے بعد تقریباً 20 طلبہ نے خودکشی کی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

حیدرآباد: صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمارریڈی نے الزام لگایا ہے کہ انٹرمیڈیٹ کے نتائج میں بے قاعدگیوں کے سبب حکومت پر سے طلبہ کا بھروسہ اٹھ گیا ہے۔حکومت کی ناکامی پر ان نتائج کے بعد تقریباً20طلبہ نے خودکشی کی ہے۔

انٹرمیڈیٹ کے نتائج میں بے قاعدگیوں‘ٹی آر ایس میں شامل کانگریس کے ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دینے کے مسئلہ پر گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے کل جماعتی وفد نے ملاقات کی۔ اتم کمارریڈی سمیت تلنگانہ تلگودیشم کے صدر ایل رمنا‘تلنگانہ جناسمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈارام‘کانگریس لیڈر محمدعلی شبیر‘ آرچندرشیکھرریڈی‘ کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی اور دوسرے اس وفد میں شامل تھے۔ بعدازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اتم کمارریڈی نے کہا کہ انٹرمیڈیٹ کے نتائج میں ہوئی بے قاعدگیوں سے کئی لاکھ طلبہ اور ان کے والدین کو ہورہی مشکلات پر گورنر کو توجہ دلائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر تعلیم جگدیش ریڈی کو عہدہ سے ہٹانے اور اس واقعہ کے لئے ذمہ دار عہدیداروں کو معطل کرنے کی بھی خواہش کی گئی ہے۔ انہوں نے مایوسی کے عالم میں خودکشی کرنے والے طلبہ کے خاندانوں کو فی کس 25لاکھ روپئے ایکس گریشیا دینے پر بھی گورنر پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ خودکشی مسائل کا حل نہیں ہے۔ طلبہ ایسا انتہائی اقدام نہ کریں۔ کانگریس سے تعلق رکھنے والے بعض ارکان اسمبلی کی ٹی آر ایس میں شمولیت کے مسئلہ پر بھی گورنر کو توجہ دلائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بے شک ان کے ساتھ کانگریس کے ارکان اسمبلی کو خریدا جارہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔