بنگال، بہار اور اتراکھنڈ روٹ پر 28 فروری تک 24 میل اور ایکسپریس ٹرینیں عارضی طور پر منسوخ، کہرے کے سبب ریلوے نے لیا فیصلہ
ریلوے افسران کا کہنا ہے کہ ’’ٹرینوں کی عارضی منسوخی کا یہ فیصلہ جامع جائزہ کے بعد لیا گیا ہے، تاکہ شدید کہرے کے دواران کسی بھی قسم کے حادثے کے امکانات کو صفر کیا جا سکے۔‘‘

شدید سردی اور کہرے کے امکان کے پیش نظر ہندوستانی ریلوے نے ایک بڑا فیصلہ لیا ہے۔ مشرقی وسطی ریلوے (ای سی آر) نے یکم دسمبر سے 28 فروری تک 24 میل اور ایکسپریس ٹرینوں کو عارضی طور پر منسوخ کر دیا ہے۔ ساتھ ہی کئی ٹرینوں کی آمد و رفت میں اہم تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔ چیف پبلک رلیشنز آفیسر سرسوتی چندرا نے بتایا کہ کہرا بڑھنے کے ساتھ ہی ٹرینوں کی رفتار کم ہو جاتی ہے اور سگنل ویزیبلٹی بھی متاثر ہوتا ہے۔ ایسے میں ٹرینوں کی آمد و رفت میں پریشانی آتی ہے۔ ایسی صورت میں کئی ٹرینوں کی اوقات میں تبدیلی ضروری ہو جاتی ہے۔ کہرے کی وجہ سے مسافروں کو غیر ضروری دشواریوں کا سامنا نہ کرنا پڑے، اس لیے ریلوے نے 24 میل اور ایکسپریس ٹرینوں کو عارضی طور پر منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ جن 24 ٹرینوں کا آپریشن منسوخ کیا گیا ہے ان میں پریاگ راج-مظفر پور ایکسپریس، ہاوڑہ-دہرادون اپاسنا ایکسپریس، کولکاتہ-ویرانگانا لکشمی بائی جھانسی ایکسپریس، مالدہ ٹاؤن-نئی دہلی ایکسپریس، برونی-انبالا ایکسپریس، پورنیہ کورٹ-امرتسر جن سیوا ایکسپریس، ڈبروگڑھ-چنڈی گڑھ ایکسپریس، کاماکھیا-گیا ایکسپریس، ہٹیا-آنند وہار ایکسپریس اور ٹاٹا-امرتسر ایکسپریس شامل ہیں۔ ریلوے افسران کا کہنا ہے کہ عارضی منسوخی کا یہ فیصلہ جامع جائزہ کے بعد لیا گیا ہے، تاکہ شدید کہرے کے دواران کسی بھی قسم کے حادثہ کے امکانات کو صفر کیا جا سکے۔
ریلوے نے کئی ٹرینوں کے دورے میں بھی تخفیف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یعنی کچھ ٹرینیں جو ہفتہ میں 5 دن چلتی تھیں، انھیں ہفتہ میں 2 یا 3 دن ہی چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ قدم بھی کم ویزیبلٹی جیسی حالت میں ریلوے ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر رکھنے کے مقصد سے اٹھایا گیا ہے۔ جن ٹرینوں کے آپریشن میں ریلوے نے تخفیف کا فیصلہ کیا ہے ان میں گوالیر-برونی ایکسپریس، اجمیر-سیالدہ ایکسپریس، ہاوڑہ-کاٹھ گودام باگھ ایکسپریس، کولکاتا-امرتسر ایکسپریس، بھاگلپور-آنند وہار ایکسپریس، کاماکھیا-آنند وہار ایکسپریس، پاٹلی پترا-لکھنؤ ایکسپریس، پاٹلی پترا-گورکھپور ایکسپریس اور ڈبروگڑھ-لال گڑھ اودھ ایکسپریس شامل ہیں۔
ریلوے نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سفر پر نکلنے سے قبل اپنی ٹرین کی تازہ ٹائم ٹیبل اور آپریٹنگ اسٹیٹس ضرور چیک کر لیں۔ کہرے کی وجہ سے ٹرینیں معمول کے اوقات کے بجائے کافی تاخیر سے چل سکتی ہیں، ساتھ ہی کچھ ٹرینوں کے روٹ میں عارضی تبدیلی بھی ممکن ہے۔ ریلوے افسران نے واضح کیا ہے کہ سردی کے اس موسم میں مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنانا ان کی اولین ترجیح ہے۔ شدید سردی اور کہرے کے ختم ہونے کے بعد ٹرینوں کی آمد و رفت دوبارہ معمول کے مطابق کر دی جائیں گی۔ مسافروں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ ریلوے کے ذریعہ جاری کردہ آفیشیل اعلانات پر توجہ مرکوز کریں اور سفر کے دوران ضروری احتیاط برتیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔