گوا کے نائٹ کلب میں سلنڈر پھٹنے سے 23 افراد ہلاک ہو گئے، وزیر اعلیٰ نے تحقیقات کا حکم دیا

یہ واقعہ برچ بائی رومیو لین میں پیش آیا، جو کہ ایک مقبول پارٹی وینیو ہے جو گزشتہ سال ہی دارالحکومت پنجی سے تقریباً 25 کلومیٹر کے فاصلے پر کھلا تھا۔ وزیر اعلیٰ پرمود ساونت نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

شمالی گوا میں سنیچر کی دیر رات ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ سلنڈر پھٹنے سے نائٹ کلب میں زبردست آگ لگ گئی۔خبر ہے کہ  اس حادثہ میں تئیس افراد ہلاک ہوئے۔ پولیس نے بتایا کہ آگ آدھی رات کے بعد برچ بائی رومیو لین میں لگی، جو ایک مقبول پارٹی وینیو ہے جو گزشتہ سال ہی ریاستی دارالحکومت پنجی سے تقریباً 25 کلومیٹر کے فاصلے پر کھلا تھا۔

پولیس کے مطابق سلنڈر اس وقت پھٹا جب لوگ کچن ایریا میں کام کر رہے تھے۔ زور دار دھماکے کے بعد آگ نے تیزی سے پورے نائٹ کلب کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آس پاس کے رہائشیوں نے فوری طور پر پولیس اور فائر بریگیڈ کو اطلاع دی۔ پولیس، فائر بریگیڈ اور ایمبولینسیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ اب آگ قابو میں ہے، اور تمام لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ آگ کلب کے گراؤنڈ فلور کچن ایریا میں لگی۔ 23 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔ آگ لگنے کی بنیادی وجہ سلنڈر کا دھماکہ سمجھا جاتا ہے، حالانکہ اس کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں۔


اطلاع ملتے ہی گوا کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت اور مقامی رکن اسمبلی  مائیکل لوبو فوراً جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور زخمیوں کے علاج معالجے کے بارے میں دریافت کیا۔

علاقہ مکینوں اور ملازمین کے مطابق آگ لگنے کے وقت کلب میں عملے کے علاوہ دیگر افراد بھی موجود تھے تاہم وہ تمام افراد بروقت باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔ اہلکار جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور آگ لگنے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ گوا پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں اب بھی علاقے میں حفاظتی اور بچاؤ کاموں میں مصروف ہیں۔


وزیر اعلیٰ پرمود ساونت نے بتایا کہ مرنے والوں میں زیادہ تر باورچی خانے کا عملہ تھا، جن میں تین خواتین بھی شامل تھیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مرنے والوں میں تین سے چار سیاح بھی شامل ہیں۔ 23 افراد میں سے تین جلنے سے اور باقی دم گھٹنے سے ہلاک ہوئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ابتدائی معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ نائٹ کلب نے فائر سیفٹی کے ضوابط پر عمل نہیں کیا۔ ساونت نے کہا، "ہم کلب انتظامیہ اور ان عہدیداروں کے خلاف کارروائی کریں گے جنہوں نے حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی کے باوجود اسے کام کرنے کی اجازت دی۔‘‘ وزیر اعلیٰ پرمود ساونت نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔