23 مئی مودی کی گھر واپسی کا دن ہوگا: کمل ناتھ

مدھیہ پردیش کے وزیراعلی کمل ناتھ نے کہا کہ کانگریس نے 5 مہینے پہلے شیوراج سنگھ چوہان کو ہراکر انہیں گھر بھیجا تھا اور 10 دن بعد 23 مئی کو وزیراعظم نریندر مودی کو بھی گھر بھیج دیا جائے گا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

علی راج پور: مدھیہ پردیش کے وزیراعلی کمل ناتھ نے دعوی کیا ہے کہ کانگریس نے پانچ مہینے پہلے ریاست میں سابق وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان کو ہراکر انہیں گھر بھیجا ہے اور اب پارٹی 10 دن بعد 23 مئی کو وزیراعظم نریندر مودی کو بھی گھر بھیج دے گی۔

کمل ناتھ نے رتلام لوک سبھا حلقہ کے علی راج پور اسمبلی حلقہ کے انبوا گاؤں میں آج ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے یہ دعوی کیا۔ انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ ریاست میں 15 برس تک بی جے پی کی حکومت رہی لیکن آج تک آدی واسی علاقوں کی ترقی ادھوری رہی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس آدی واسیوں کے تئیں پرعزم ہے اور ان کی ترقی میں کوئی کمی نہیں آنے دے گی۔


وزیراعلی کمل ناتھ آج رتلام پارلیمانی حلقہ سے کانگریس کے امیدوار کانتی لال بھوریا کی حمایت میں جلسہ عام سےخطاب کرنے آئے تھے۔ اس کےبعد انہوں نے پٹلواود میں ایک جلسہ عام سے خطاب کیا۔ رتلام لوک سبھا حلقہ میں آخری مرحلے کی ووٹنگ 19 مئی کو ہوگی۔ یہاں بھوریا کا مقابلہ بی جےپی کے امیدوار گمان سنگھ ڈامور سے ہو رہا ہے۔

آخری مرحلہ کی پولنگ سے قبل وزیر اعلیٰ کمل ناتھ تشہیر میں کوئی کمی نہیں چھوڑنا چاہتے۔ کمل ناتھ 16 مئی کو بھوپال سے برہان پور ضلع کے خکنار پہنچیں گے اور جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ یہاں سے دیواس ضلع کے پنجوپورہ پہنچ کر جلسہ سے خطاب کریں گے۔


پنجاپورہ کے بعد کمل ناتھ اجین ضلع کے ناگدا جائیں گے اور جلسہ عام سے خطاب کے بعد اندور ضلع کے سانویر پہنچیں گے۔ شام کو وہ اندور کے معجز افراد، صنعت کاروں اور وکلا کے ساتھ میٹنگ کریں گے اور اس کے بعد بھوپال کے لئے روانہ ہو جائیں گے۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔