دلچسپ! کورونا ویکسین لگوائیے اور ’ذائقۂ دلّی‘ ریسٹورینٹ میں 20 فیصد چھوٹ پائیے

ذائقۂ دلی ریسٹورینٹ نے اعلان کیا ہے کہ کورونا ویکسین لگوانے والوں کو کھانے میں 20 فیصد کی چھوٹ دی جائے گی۔ اس اعلان کی وجہ سے ریسٹورینٹ سرخیوں میں ہے اور لوگوں کے درمیان موضوعِ بحث بن گیا ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

کورونا سے بچاؤ کے لیے لگائی جا رہی ویکسین کو فروغ دینے کے لیے ہر کوئی کوشش کر رہا ہے۔ اس درمیان دہلی میں اَن لاک کا عمل بھی شروع ہو گیا ہے۔ ریسٹورینٹ بھی کھلنا شروع ہو گئے ہیں۔ اس دوران دہلی کے ایک ریسٹورینٹ نے دلچسپ اعلان کیا ہے۔ ذائقۂ دلّی نامی ریسٹورینٹ نے ٹیکہ کاری مہم کو بڑھانے اور لوگوں کو بیدار کرنے کے مقصد سے ٹیکہ لگوالے والے لوگوں کو کھانے پر 20 فیصد کی چھوٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

دہلی کے یمنا وِہار واقع ’ذائقۂ دِلّی‘ ریسٹورینٹ کے 25 سالہ مالک گورو شرما نے اس تعلق سے خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کو بتایا کہ کورونا بحران میں ضرورت مند لوگوں کو کھانا کھلانے کے ساتھ ساتھ اب جب کہ ٹیکہ کاری کا عمل تیز کیا جانا ہے تو میں نے اس میں بھی اپنا تعاون پیش کرنے کی کوشش کی۔ اس کے تحت میرے ریسٹورینٹ میں کھانا کھانے والے لوگوں کو 20 فیصد چھوٹ دوں گا، لیکن یہ چھوٹ صرف ان لوگوں کو ملے گی جنھوں نے ٹیکہ لگوایا ہوگا۔


قابل ذکر ہے کہ ابھی ریسٹورینٹ میں کام کرنے والے سبھی لوگ ٹیکہ نہیں لگوا پائے ہیں، لیکن گورو شرما نے ایک ٹیکہ لگوا لیا ہے۔ گورو کا کہنا ہے کہ جلد ہی باقی لوگ بھی ٹیکہ لگوا لیں گے اور ریسٹورینٹ میں ملنے والی چھوٹ سے نوجوانوں میں ٹیکہ کاری کو لے کر جوش بڑھے گا۔ انھوں نے بتایا کہ گزشتہ کل ہی کئی لوگ ریسٹورینٹ میں آئے اور کہا کہ ’کاش میں نے بھی ٹیکہ لگوایا ہوتا‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔