تلنگانہ کے ضلع وقار آباد میں زیر تربیت طیارہ حادثہ کا شکار، 2 پائلٹس ہلاک

عینی شاہدین نے بتایا کہ کیسینا طیارہ نے ضلع کے سلطان پور گاؤں کے کپاس کے کھیت میں حادثہ سے پہلے 15منٹ تک اسی علاقہ میں چکر لگائے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

حیدرآباد: تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد سے 100 کیلومیٹر کی دوری پرواقع ضلع وقارآباد میں زیر تربیت طیارہ حادثہ کا شکار ہو گیا۔ اس واقعہ میں دو زیر تربیت پائلٹس ہلاک ہوگئے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ کیسینا طیارہ نے ضلع کے سلطان پور گاؤں کے کپاس کے کھیت میں گرنے سے پہلے 15منٹ تک اسی علاقہ میں چکر لگائے۔ بے قابو اس طیارہ کے گرنے سے پہلے اس میں آگ بھی لگ گئی۔ بتایاجاتا ہے کہ تقریباً 11.55 بجے دن میں یہ واقعہ پیش آیا۔

راجیو گاندھی ایوی ایشن اکیڈیمی حیدرآباد کے ان دو طلبہ نے بیگم پیٹ ایرپورٹ سے اس طیارہ کی اڑان بھری تھی۔اس تربیتی طیارہ کارابطہ بیگم پیٹ ایرپورٹ سے ٹوٹ گیا تھا۔دو میں سے ایک کی شناخت پرکاش وشال کے طورپر کی گئی ہے۔ اس واقعہ کے ساتھ ہی دیہاتی بڑی تعداد میں مقام واقعہ پہنچ گئے جنہوں نے پولیس کو اس بات کی اطلاع دی جس کے ساتھ ہی پولیس وہاں پہنچ گئی۔


پولس نے طیارہ میں سوار دو افراد کو مردہ پایا۔پولیس کی اطلاع کے بعد محکمہ شہری ہوابازی کی ایک ٹیم بیگم پیٹ ایرپورٹ سے وہاں پہنچ گئی۔حادثہ کے مقام کی حصار بندی کردی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 06 Oct 2019, 9:18 PM