صفدر جنگ کی دو خاتون ڈاکٹروں کو پڑوسی نے پیٹا، کہا ’تم کورونا پھیلا رہی ہو‘

بدھ کی رات تقریباً ساڑھے نو بجے دونوں خاتون ڈاکٹر کام سے گھر لوٹنے کے بعد کچھ ضروری سامان خریدنے کے لیے گلموہر انکلیو کے پاس ایک دکان میں گئیں جہاں ایک شخص نے ڈاکٹروں کے ساتھ بدسلوکی کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کورونا وائرس سے متاثر لوگوں کا علاج کر رہے ڈاکٹروں کے لیے پریشانیاں دن بہ دن بڑھتی ہی جا رہی ہیں۔ ایک طرف تو انتہائی مشکل حالات میں انھیں اسپتال میں کورونا انفیکشن کے خلاف جنگ لڑنی پڑ رہی ہے، اور دوسری طرف جب وہ گھر پہنچتے ہیں تو آس پڑوس کے لوگ ایسا سلوک کرتے ہیں جیسے ڈاکٹرس محلوں میں کورونا پھیلا رہے ہوں۔ تازہ معاملہ راجدھانی دہلی کے گوتم نگر علاقہ کا ہے جہاں صفدر جنگ اسپتال کی دو خاتون ڈاکٹروں کے ساتھ مار پیٹ اور بدسلوکی کی گئی۔

دراصل دونوں خاتون ڈاکٹر صفدر جنگ اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں تعینات ہیں۔ بدھ کی رات تقریباً ساڑھے نو بجے دونوں ڈاکٹر ڈیوٹی ختم ہونے کے سبب گھر لوٹنے کے بعد کچھ ضروری سامان خریدنے کے لیے پڑوس میں گلموہر انکلیو کے پاس ایک دکان میں گئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ یہاں پر پہلے سے موجود ایک شخص نے ڈاکٹروں کو سوشل ڈسٹنسنگ بنانے کے لیے کہا۔ جب دونوں ڈاکٹروں نے کہا کہ انھیں اس سلسلے میں جانکاری ہے، تو وہ شخص ناراض ہو گیا اور پولس میں معاملہ درج کروانے کی دھمکی دینے لگا۔ جب خاتون ڈاکٹروں نے کوئی توجہ نہیں دی تو اس شخص نے کہا کہ تم کورونا پھیلا رہی ہو۔ پھر اس نے زور زور سے چیخنا شروع کر دیا کہ یہ دونوں (ڈاکٹر) کورونا پھیلا رہی ہیں۔


میڈیا ذرائع میں آ رہی خبروں کے مطابق جب خاتون ڈاکٹرس وہاں سے جانے لگیں تو اس شخص نے راستہ روک لیا اور مار پیٹ کرنے لگا۔ ساتھ ہی اس نے دونوں ڈاکٹروں کو غلط طریقے سے چھوا اور انتہائی بدسلوکی کے ساتھ پیش آیا۔ دھیرے دھیرے معاملہ جب بڑھنے لگا تو وہ شخص وہاں سے فرار ہو گیا۔


اپنے ساتھ ہوئی بدسلوکی کے بعد دونوں ڈاکٹروں نے پولس میں شکایت کی جس کے بعد مار پیٹ اور غلط سلوک کرنے کے تعلق سے معاملہ درج کر لیا گیا۔ پولس نے فوری طور پر دونوں ڈاکٹروں کی میڈیکل جانچ کروائی اور پھر ملزم کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔ پولس کا کہنا ہے کہ پورے معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے اور قصوروار کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

دونوں خاتون ڈاکٹروں کے ساتھ مار پیٹ اور بدسلوکی کے تعلق سے صفدر جنگ ہاسپیٹل ریسیڈنٹ ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کے سربراہ ڈاکٹر منیش نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر جانکاری لوگوں کو دی اور اس پورے واقعہ کی پرزور مذمت کی۔ انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا کہ "خاتون ڈاکٹروں کے ساتھ ایسا سلوک کیوں کیا گیا، جب کہ وہ صرف اپنے گھر کا کچھ ضروری سامان خریدنے کے لیے گئی تھیں۔" ڈاکٹر منیش نے ملزم کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔