18واں روزگار میلہ: پی ایم مودی نے 61 ہزار سے زائد نوجوانوں کو پیش کیا تقرری نامہ

پی ایم مودی نے کہا کہ آج ملک ریفارم ایکسپریس پر چل پڑا ہے، جس کا مقصد ملک میں زندگی اور کاروبار، دونوں کو آسان بنانا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>پی ایم مودی / ویڈیو گریب</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز 18ویں روزگار میلہ کے تحت ہندوستان کے 61 ہزار سے زائد نوجوانوں کے درمیان سرکاری ملازمت کے تقرری نامے تقسیم کیے۔ اس موقع پر انہوں نے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کئی ممالک کے ساتھ تجارت اور آمد و رفت سے متعلق معاہدے کر رہا ہے۔ یہ تجارتی معاہدے ملک کے نوجوانوں کے لیے نئے مواقع لے کر آ رہے ہیں۔

پی ایم مودی نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا سمیت کئی شعبوں میں ہندوستان ایک عالمی مرکز بنتا جا رہا ہے۔ 2026 کا آغاز آپ کی زندگی میں نئی خوشیوں کا آغاز کر رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی جب بہار کل ہی آئی ہے تو آپ کی زندگی میں بھی نئی بہار کا آغاز ہو رہا ہے۔ یہ وقت آپ کو آئین کے تئیں اپنے فرائض سے بھی جوڑ رہا ہے۔ اتفاق سے اس وقت ملک میں جمہوریہ کا عظیم تہوار جاری ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ کل 23 جنوری کو ہم نے نیتا جی سبھاش چندر بوس کے یوم پیدائش پر ’پراکرم دیوس‘ منایا، اب کل 25 جنوری کو ’قومی ووٹر ڈے‘ ہے، اس کے بعد 26 جنوری کو ’یوم جمہوریہ‘ ہے۔ آج کا دن بھی خاص ہے۔ آج ہی کے دن ہمارے آئین نے ’جن گن من‘ کو قومی ترانہ اور ’وندے ماترم‘ کو قومی گیت کے طور پر اختیار کیا تھا۔


نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم مودی نے کہا کہ ’’آج کے اہم دن ملک کے 61 ہزار سے زائد نوجوان زندگی کی نئی شروعات کر رہے ہیں۔ آج آپ سب کو سرکاری خدمات کے تقرری نامے مل رہے ہیں۔ یہ ایک طرح سے ’نیشن بلڈنگ‘ کا دعوت نامہ ہے۔ یہ ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کو رفتار دینے کا عہد نامہ ہے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ برسوں میں روزگار میلہ ایک ادارہ بن چکا ہے۔ اس کے ذریعہ لاکھوں نوجوانوں کو حکومت کے مختلف محکموں میں تقرری نامے مل چکے ہیں۔ آج ہندوستان دنیا کے سب سے نوجوان ممالک میں سے ایک ہے۔ ہماری حکومت کی مسلسل کوشش ہے کہ ہندوستان کی نوجوان طاقت کے لیے ملک اور دنیا میں نئے سے نئے مواقع پیدا ہوں۔

وزیر اعظم مودی نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’’آج ہندوستانی حکومت کئی ممالک کے ساتھ تجارتی اور موبیلٹی معاہدے کر رہی ہے۔ یہ تجارتی معاہدے ہندوستان کے نوجوانوں کے لیے بے شمار نئے مواقع لے کر آ رہے ہیں۔ ڈیجیٹل میڈیا سمیت کئی شعبوں میں ہندوستان ایک عالمی مرکز بنتا جا رہا ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’تیزی سے بدلتی ٹیکنالوجی کے اس دور میں ملک کی ضروریات اور ترجیحات بھی تیزی سے بدل رہی ہیں۔ اس تیز تبدیلی کے ساتھ آپ کو خود کو مسلسل اپگریڈ کرتے رہنا ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ اتنے کم وقت میں تقریباً ڈیڑھ کروڑ سرکاری ملازمین iGOT کے اس پلیٹ فارم سے جڑ کر خود کو نئے سرے سے تربیت دے رہے ہیں اور بااختیار بنا رہے ہیں۔‘‘


18ویں روزگار میلہ کے دوران 8 ہزار سے زائد خواتین کو بھی تقرری نامے ملے۔ اس تعلق سے پی ایم مودی نے کہا کہ آج ملک ریفارم ایکسپریس پر چل پڑا ہے، جس کا مقصد ملک میں زندگی اور کاروبار، دونوں کو آسان بنانا ہے۔ آج کے اس پروگرام میں 8 ہزار سے زائد بیٹیوں کو بھی تقرری نامے ملے ہیں۔ گزشتہ 11 برسوں میں ملک کی ورک فورس میں خواتین کی شراکت داری میں تقریباً دوگنا اضافہ ہوا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔