مودی حکومت نے ’آدھار کارڈ‘ میں تبدیلی کی فیس پر بھی جی ایس ٹی لگایا

یو آئی ڈی اے آئی نے آدھار خدمات پر 18 فیصد جی ایس ٹی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ گویا کہ اب آپ آدھار میں کسی بھی طرح کی تبدیلی کراتے ہیں تو 25 روپے کی جگہ 29.50 روپے دینے ہوں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اب آدھار کارڈ میں کسی بھی طرح کی تبدیلی کرانے کے لیے آپ کو پہلے سے زیادہ پیسے ادا کرنے ہوں گے۔ دراصل یو آئی ڈی اے آئی نے آدھار سروس پر جی ایس ٹی لگا دیا ہے۔ مودی حکومت نے آدھار پر جی ایس ٹی شرح 18 فیصد رکھنے کا فیصلہ لیا ہے۔ جی ایس ٹی لگنے کی صورت میں اب آپ کو آدھار میں کسی بھی طرح کی تبدیلی کرانے کے لیے 4.50 روپے زیادہ ادا کرنے ہوں گے۔ اب تک آپ کو آدھار میں پتہ، یومِ پیدائش، موبائل نمبر اور ای میل جیسی جانکاری میں تبدیلی کے لیے 25 روپے دینے ہوتے تھے جو کہ بڑھ کر 29.50 روپے ہو گئے ہیں۔

حالانکہ آدھار سے منسلک کئی خدمات ابھی بھی جی ایس ٹی سے آزاد ہیں جس میں آدھار کا رجسٹریشن اور بچے کی بایومیٹرک تفصیلات جیسی خدمات شامل ہیں لیکن اکثر آدھار میں کچھ غلطیاں سرزد ہو جاتی ہیں جس کی تبدیلی پر اب جی ایس ٹی بھی ادا کرنا ہوگا۔ یو آئی ڈی اے آئی کے مطابق یہ شکایت ملی تھی کہ آدھار کارڈ میں تبدیلی کرانے کے لیے کچھ آدھار سروس سنٹر پر زیادہ ٹیکس وصول کیا جا رہا تھا۔

اس طرح کی شکایتوں کے بعد یو آئی ڈی اے آئی نے آدھار سروس کا چارج طے کیا ہے۔ ساتھ ہی یو آئی ڈی اے آئی نے لوگوں کو مطلع بھی کیا ہے کہ آدھار سے منسلک خدمات کے لیے اضافی ادائیگی نہ کریں۔ یو آئی ڈی اے آئی نے کہا ہے کہ اگر کوئی طے شرح سے زائد پیسے کا مطالبہ کرتا ہے تو اس کی شکایت 1947 پر فون کر کے کی جا سکتی ہے۔ شکایت موصول ہونے کے بعد قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔