’تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی کے بعد 17 ہزار طالبات نے اسکول چھوڑ دیا‘، سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران تذکرہ

بدھ کے روز سماعت کے دوران وکیل حذیفہ احمدی سے جسٹس سدھانشو دھولیا نے سوال کیا تھا کہ کیا آپ کے پاس کوئی نمبر ہے کہ کتنی طالبات نے حجاب پر پابندی کے بعد اسکول جانا ترک کر دیا ہے؟

حجاب تنازعہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
حجاب تنازعہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

عدالت عظمیٰ میں آج ایک بار پھر تعلیمی ادروں میں حجاب پہننے پر پابندی کے خلاف داخل عرضی پر سماعت ہوئی۔ اس دوران عرضی دہندہ کی طرف سے پیش وکیل حذیفہ احمدی نے دعویٰ کیا کہ کرناٹک ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد تقریباً 17 ہزار طالبات نے اسکول چھوڑ دیا ہے۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ یہ ڈراپ آؤٹ حجاب پر پابندی لگانے کے بعد ہی دیکھنے کو ملا ہے، یعنی حجاب پر پابندی کا اثر مسلم طالبات کی تعلیم پر پڑنا شروع ہو گیا ہے۔

بدھ کے روز سماعت کے دوران حذیفہ احمدی سے جسٹس سدھانشو دھولیا نے سوال کیا تھا کہ کیا آپ کے پاس کوئی نمبر ہے کہ کتنی طالبات نے حجاب پر پابندی کے بعد اسکول جانا ترک کر دیا ہے؟ اس پر احمدی نے کہا کہ ’پی یو سی ایل‘ کی رپورٹ کے مطابق 17 ہزار طالبات نے ڈراپ آؤٹ کیا اور وہ امتحان میں بھی نہیں بیٹھ پائیں۔ احمدی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہائی کورٹ کے ایک فیصلے کی وجہ سے کئی طالبات اسکولی تعلیم سے محروم ہو گئی ہیں۔


وکیل حذیفہ احمدی نے تنوع کو لے کر بھی کئی دلائل سپریم کورٹ کے سامنے پیش کیے۔ انھوں نے کہا کہ کسی کا حجاب پہننا دوسرے کو غلط کیسے لگ سکتا ہے! وہ کہتے ہیں کہ ریاست کا کام تنوع کو فروغ دینا ہے، نہ کہ رسموں پر روک لگانا۔ کسی کو ایسا کیوں محسوس ہونا چاہیے کہ کسی کا مذہبی عمل سیکولر تعلیم یا اتحاد میں رخنہ ڈالتے ہیں؟ اگر کوئی حجاب پہن کر اسکول جائے تو کوئی دوسرا کیوں ناراض ہو؟ دوسرے طالب علم کو مسئلہ کیوں ہونا چاہیے؟ اگر یہ اُکساتا ہے، تو آپ کو اس کا حل تلاش کرنا ہوگا۔ ورنہ آپ کسی کو دھمکانے کی اجازت دے رہے ہیں۔ حکومت شاید چاہتی ہے کہ کیمپس میں ایسا ہی ہو۔ یہ کہنا کہ مجھے کسی اور کا حجاب پہننا منظور نہیں ہے، یہ آئین میں شامل بھائی چارہ کی سوچ کے برعکس ہے۔ قومی تعلیمی پالیسی اس سوچ کو وسعت دیتی ہے کہ اسکول تنوع اور ناقدانہ سوچ کو قبول کرتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔