16 سالہ سویڈش بچی کا مودی کو پیغام ’...تو آپ ویلن کی شکل میں یاد کئے جائیں گے‘

سویڈیش بچی گریٹا تھنبرگ نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’’اگر آپ ایسے ہی چلتے رہے اور ہمیشہ کی طرح تجارت کرتے رہے، یا صرف چھوٹی کامیابی کے بارے میں باتیں کرتے رہے تو آپ ناکام ہونے جا رہے ہو۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

سویڈن کی ایک 16 سالہ بچی نے ہندوستانی پی ایم نریندر مودی کو ایک ویڈیو پیغام بھیجا ہے جو لوگوں میں موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔ اس سویڈش بچی کا نام گریٹا تھنبرگ ہے جس نے اپنے ویڈیو پیغام میں ماحولیاتی بحران کا تذکرہ کیا ہے اور نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’محترم مودی جی! اب آپ کو ماحولیاتی بحران کے خلاف صرف بات کرنے کی نہیں بلکہ کارروائی کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘ گریٹا نے نریندر مودی کی سرزنش کے انداز میں یہ بھی کہا کہ ’’اگر آپ ایسے ہی چلتے رہے اور ہمیشہ کی طرح تجارت کرتے رہے، یا صرف چھوٹی کامیابی کے بارے میں باتیں کرتے رہے تو آپ ناکام ہونے جا رہے ہو۔‘‘

دلچسپ بات یہ ہے کہ گریٹا صرف اتنے پر ہی خاموش نہیں ہوئی بلکہ واضح لفظوں میں یہاں تک کہہ دیا کہ ’’اگر آپ ناکام ہوئے تو آپ کو مستقبل میں انسانی تاریخ کے سب سے بُرے ویلن کی شکل میں دیکھا جائے گا۔ لیکن آپ ایسا نہیں چاہتے ہیں۔‘‘ دراصل گریٹا تھنبرگ نے گزشتہ دنوں ماحولیاتی تحفظ کے لیے کئی ایسے قدم اٹھائے جس کی تعریف ہو رہی ہے۔ ماحولیات کو بہتر بنانے کے لیے ذمہ داران کے ذریعہ مناسب قدم نہیں اٹھائے جانے کے خلاف گریٹا نے جو تحریک چلا رکھی ہے وہ میڈیا کی توجہ اپنی طرف مبذول کر رہی ہے۔ اس ایشو پر اپنے ملک کی توجہ کھینچنے کے لیے انھوں نے سویڈش پارلیمنٹ کے باہر تنہا ایک مہینے تک مظاہرہ کیا۔ اس عمل سے متاثر ہو کر انگلینڈ کے اسکولی بچوں نے انہی کی طرح حکومت کی توجہ ماحولیات کی طرف دلانے کی کوشش میں کئی طرح کے مظاہرے کیے۔

قابل ذکر ہے کہ 16 سالہ گریٹا نے اقوام متحدہ کے موسمیاتی تبدیلی سمیلن یعنی COP24 میں بھی ماحولیات کے ایشو پر گزشتہ سال دسمبر میں تقریر کی تھی۔ موسمیاتی یا ماحولیاتی تبدیلی پر گریٹا کی تقریر کو میڈیا کے علاوہ سیاسی لیڈروں نے بھی خوب پسند کیا تھا۔ گریٹا نے تقریر میں پولینڈ کے سیاسی لیڈروں، کلائمیٹ سائنٹسٹ اور صحافیوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ زمین میں موجود معدنیات کو بچائے رکھنے کی ضرورت ہے اور ہمیں ایکویٹی پر بھی توجہ دینی چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 21 Feb 2019, 8:10 PM