کورونا سے مہاراشٹر میں 155 اور دہلی میں 118 لوگوں کی موت

وزارت صحت وخاندانی فلاح وبہبود کی جانب سے سنیچر کی صبح جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 46,232 نئے معاملے سامنے آئے ہیں اور متاثرین کی تعداد تقریباً 90.50 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے

کورونا وائرس / Getty Images
کورونا وائرس / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ۔19) سے سب سے زیادہ متاثر مہاراشٹر میں اس انفیکشن سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 155 اور قومی راجدھانی دہلی میں 118 لوگوں کی موت ہوگئی۔ کورونا سے متاثر ان دونوں ریاستوں میں حالانکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سرگرم معاملوں کی تعداد کم ہوئی ہے۔ مہاراشٹر میں کورونا سے اب تک 46,511 لوگوں کی جان جاچکی ہے جو ملک میں کورونا سے ہوئی مجموعی اموات کا تقریباً 35 فیصد ہے۔ وہیں دہلی میں کورونا سے کچھ دنوں میں اموات کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے اور اب تک 8159 لوگوں کی جان جاچکی ہے۔

دہلی میں کورونا کے پھیلتے اثر کے پیش نظر اس سے نجات کے راستے تلاش کیے جا رہے ہیں۔ وہیں، علاج کے لئے اسپتالوں میں آئی سی یو اور دوسری سہولیات پر کام جاری ہے۔ دہلی میں نہ صرف کورونا کے معاملے بڑھ رہے ہیں بلکہ اس سے مرنے والوں کی تعداد میں بھی ریکاڈ اضافہ ہو رہا ہے۔ اتنا ہی نہیں دہلی کے شمشان گھاٹوں میں لاشوں کو نذر آتش کرنے کے لئے بھی انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔ کم و بیش قبرستانوں کا بھی حال ایسا ہی ہے۔


حالات کے پیش نظر دہلی میں ماسک نہ پہننے والوں، تھوکنے والوں، سوشل ڈسٹنسنگ اور دیگر اصولوں پر عمل نہ کرنے والوں سے 2 ہزار روپے کا جرمانہ وصول کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ دہلی سے نوئیڈا جانے والوں کا رینڈم ٹیسٹ کیا جا رہا ہے تاکہ کورونا کا انفیکشن دوسرے شہروں میں پھیلنے سے روکا جا سکے۔

وہیں، دہلی کے علاوہ ممبئی میں بھی کورونا کے پیش نظر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس کے لئے مہاراشٹر حکومت نے ممبئی سے دہلی کے بیچ ٹرین اور فضائی خدمات کو معطل کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے۔ اس کے علاوہ بی ایم سی نے دسمبر تک اسکولوں کو بند رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔


وزارت صحت وخاندانی فلاح وبہبود کی جانب سے سنیچر کی صبح جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 46,232 نئے معاملے سامنے آئے ہیں اور متاثرین کی تعداد تقریباً 90.50 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے اور صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 84.78 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے جبکہ 564 اور مریضوں کی موت کے ساتھ ہی مرنے والوں کی تعداد 1,32,736 ہوگئی ہے۔ ملک میں کورونا کے سرگرم معاملوں کی تعداد میں 4047 کی کمی کے بعد اب سرگرم معاملے کم ہوکر 439,747 رہ گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔