15 ہزار کروڑ کے ’بائیک گھوٹالہ‘ کا انکشاف، جانیں کس طرح لوگوں کو ٹھگا گیا؟

اتر پردیش میں واقع بائیک بوٹ کے چیف منیجنگ ڈائریکٹر سنجے بھاٹی نے 14 دیگر لوگوں کے ساتھ مل کر ملک بھر میں سارمایہ کاروں سے تقریباً 15 ہزار کروڑ روپے ٹھگ لئے

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

نوئیڈا: مرکزی تفتیشی ایجنسی سی بی آئی نے 15 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کے ’بائیک بوٹ‘ گھوٹالہ کی جانچ کے لئے ایف آئی آر درج کی ہے۔ ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ نوئیڈا میں واقع بائیک بوٹ کے چیف فنانشل منیجنگ ڈائریکٹر سنجے بھاٹی نے 14 دیگر افراد کے ساتھ مل کر ملک بھر میں سرمایہ کاروں کے تقریباً 15 ہزار کروڑ روپے ٹھگ لئے ہیں۔

اس گھوٹالہ کو انجام دینے کے لئے ملزم نے ’بائیک بوٹ‘ کے نام سے ایک بائیک ٹیکسی سروس قائم کی تھی اور لوگوں کو پرکشش اسکیموں کے ذریعے لالچ دے کر اس میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے راغب کیا تھا۔ اس میں کوئی بھی شخص ایک، تین، پانچ یا سات بائیکوں میں سرمایہ کاری کر سکتا تھا۔ سرمایہ کار کو ماہانہ کرایہ ادا کیا جاتا تھا اور ہر اسکیم کی طرح دوسرے سرمایہ کاروں کو جوڑنے پر لوگوں کو رقم ادا کرنے کا لالچ بھی دیا جاتا تھا۔ اس کے علاوہ زیادہ سے زیادہ بائیکوں میں سرمایہ کاری کرنے پر بونس بھی دیا جاتا تھا۔


کمپنی نے مبینہ طور پر مختلف شہروں میں فرینچائیزیز الاٹ کی تھیں لیکن ان شہروں میں ٹیکسی چلانی مشکل تھی۔ اگست 2017 میں اسکیم شروع کی گئی اور سرمایہ کاروں، گاہکوں سے رقم وصول کی گئی اور انہیں 2019 کی شروعات تک رقم ادا کی گئی۔ نومبر 2018 میں کمپنی نے ای-بائیک کے لئے بھی اسی طرح کی اسکیم جاری کی، جس میں کہا گیا کہ کمپنی پٹرول بائیک رجسٹریشن اور آپریشن کے مسائل کا سامنا کر رہی ہے۔ ای بائیک کی ممبرشپ فیس ریگولر کے لئے سرمایہ کاری سے تقریباً دوگنی تھی۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، سرمایہ کاروں کی شکایات نوئیڈا انتظامیہ کے ساتھ ساتھ پولیس حکام کے علم میں تھیں، جنہوں نے کوئی کارروائی نہیں کی، بلکہ ایس ایس پی اور ایس پی کرائم نے شکایت کنندگان پر اپنی شکایات واپس لینے کے لیے دباؤ ڈالا۔ ایف آئی آر میں الزام لگایا گیا ہے کہ سنجے بھاٹی اور ان کے ساتھیوں کے خلاف ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت سرمایہ کاروں کو دھوکہ دیا اور کاروبار کے نام پر ملک بھر سے کم از کم 15,000 کروڑ روپے جمع کیے۔


قبل ازیں، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے گروِت انوویٹیو پروموٹرس لمیٹڈ، اس کے پروموٹر سنجے بھاٹی اور دیگر کے خلاف گوتم بدھ نگر کے دادری پولیس اسٹیشن میں درج مختلف ایف آئی آر کی بنیاد پر منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کی تھی۔ مالیاتی جانچ ایجنسی نے اس معاملے میں 216 کروڑ روپے سے زیادہ کے اثاثوں کو بھی ضبط کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */