ممبئی: سائیں مندر کے 13 ملازمین کورونا پازیٹو، بی ایم سی کے چھوٹے پسینے

ایک دن قبل ہی سائیں مندر کے 17 ملازمین کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا تھا جن میں سے 13 کی رپورٹ پازیٹو آئی ہے۔ لاک ڈاؤن کے درمیان اس سائیں مندر سے غریبوں کو اناج اور کھانا تقسیم کیا جا رہا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مہاراشٹر میں بڑھتے کورونا قہر کے درمیان ملک کی تجارتی راجدھانی ممبئی میں حالات بہت زیادہ سنگین ہوتے جا رہے ہیں۔ جگہ جگہ سے کورونا پازیٹو کیسز سامنے آ رہے ہیں جس کی وجہ سے حالات پر قابو پانا انتہائی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق ممبئی کے کاندیولی علاقہ واقع سائیں دھام مندر کے 13 ملازمین کورونا پازیٹو پائے گئے ہیں۔ اس اطلاع کے بعد بی ایم سی (برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن) کے پسینے چھوٹ رہے ہیں، کیونکہ اب وہ اس کوشش میں مصروف ہو گئی ہے کہ ان 13 ملازمین کے رابطہ میں آنے والے لوگوں کو ٹریس کیا جائے۔

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق ایک دن قبل ہی سائیں مندر کے 17 ملازمین کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا تھا جن میں سے 13 کی رپورٹ پازیٹو آئی ہے۔ لاک ڈاؤن کے درمیان اس سائیں مندر سے غریبوں کو اناج اور کھانا تقسیم کیا جا رہا تھا۔ امکان ظاہری کیا جا رہا ہے کہ اسی عمل کے دوران کوئی ملازم کورونا کی زد میں آ گیا ہوگا، اور پھر ایک سے دوسرے تک یہ انفیکشن پھیلا ہوگا۔


قابل غور ہے کہ کورونا وائرس کے معاملے ممبئی میں تیزی کے ساتھ بڑھ رہے ہیں اور ایک دن میں سب سے زیادہ 998 معاملے سامنے آنے کے بعد شہر میں کووڈ-19 کے معاملے جمعرات کو بڑھ کر 16579 ہو گئے۔ بی ایم سی کے مطابق ممبئی میں اس انفیکشن کی وجہ سے مزید 25 لوگوں کی موت ہو گئی جس کے بعد مجموعی طور پر مہلوکین کی تعداد 621 ہو گئی ہے۔

اگر پوری ریاست مہاراشٹر کی بات کی جائے تو گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کے 1602 نئے معاملے سامنے آئے ہیں جو ریاست میں ایک دن میں سامنے آنے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں کورونا متاثرین کی تعداد بڑھ کر جمعرات کو 27524 ہو گئی۔ اس وائرس انفیکشن کی وجہ سے 44 لوگوں کی موت بھی ہو گئی۔ محکمہ صحت کے ایک افسر نے بتایا کہ ریاست میں اب مہلوکین کی تعداد 1000 کے پار ہو کر 1019 پہنچ گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 15 May 2020, 9:11 AM