سسودیا کے گھر پر سی بی آئی کے چھاپے کے بعد 12 آئی اے ایس افسران کے تبادلہ

ایل جی ونے کمار سکسینہ نے حال ہی میں وزارت داخلہ کو بدعنوانی کے معاملے میں آئی اے ایس ادت پرکاش رائے کے خلاف کارروائی کی سفارش کی تھی۔

تصویر قومی آواز/ وپن
تصویر قومی آواز/ وپن
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ایکسائز پالیسی میں مبینہ بے ضابطگیوں کو لے کر نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کی رہائش گاہ پر سی بی آئی کے چھاپے کے چند گھنٹے بعد جمعہ کے روز 12 آئی اے ایس افسران کے تبادلہ کر دیئے گئے۔ دہلی حکومت کے سروسز محکمہ کے ذریعہ جاری کردہ ٹرانسفر آرڈر کے مطابق جن لوگوں کا تبادلہ کیا گیا ہے ان میں صحت اور خاندانی بہبود کے محکمہ کے اسپیشل سکریٹری اُدت پرکاش رائے بھی شامل ہیں۔

سال 2007 بیچ کے آئی اے ایس افسر اُدت پرکاش رائے محکمہ صحت اور خاندانی بہبود میں خصوصی سکریٹری ہیں اور لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ نے حال ہی میں وزارت داخلہ سے ان کے خلاف کارروائی کی سفارش کی تھی۔ ادت پرکاش پر ایگزیکٹیو انجینئر کو غیر منصفانہ طور پر فائدہ پہنچانے کے عوض 50 لاکھ روپے بطور رشوت حاصل کرنے کا الزام ہے۔


اے بی پی نیوز پورٹل پر شائع خبر کے مطابق ادت پرکاش رائے کے علاوہ جن آئی اے ایس افسران کا تبادلہ کیے گئے ہیں ان میں جتیندر نارائن، وویک پانڈے، گریما گپتا، شوربیر سنگھ، آشیش ایم مور، وجیندر سنگھ راوت، کرشن کمار، کلیان سہائے مینا، سونل سوروپ، ہیمنت کمار اور انیل کمار سنگھ جیسے کئی بڑے نام شامل ہیں۔

سکریٹری انتظامی اصلاحات کے طور پر تعینات آئی اے ایس آفیسر وویک پانڈے کو آئی ٹی کا سکریٹری مقرر کیا گیا ہے اور انہیں ایم ڈی (جی ایس ڈی ایل) اور ڈائریکٹر (یو ٹی سی ایس) کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔