سرمایہ کاری کے نام پر 12 کروڑ روپے کی ٹھگی، سائبر جعلسازوں نے بزرگ ڈاکٹر کو بنایا شکار
جعلسازوں کے چنگل میں پھنسے پونے کے 75 سالہ ڈاکٹر نے 7 مارچ سے 18 مارچ کے درمیان تقریباً 8 ٹرانزیکشن کے ذریعہ 12.31 کروڑ روپئے ٹرانسفر کردیئے جس کے بعد ایپ پر 54 کروڑ روپئے کا منافع نظر آنے لگا۔

حکومت کی جانب سے ہدایات اور سختی کے دعوؤں کے درمیان سائبر ٹھگی کا ایک اور سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے جس میں جعلسازوں نے اس بار بزرگ ڈاکٹر کو اپنا نشانہ بنایا۔ مہاراشٹر کےصنعتی شہر پونے میں رہنے والے 75 سال کے ایک ڈاکٹر آن لائن شیئر ٹریڈنگ جال میں پھنس کر 12 کروڑ روپے سے زیادہ رقم سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ جعلسازوں نے ڈاکٹر کو 54 کروڑ روپئے منافع کا لالچ دے کرکئی بار سرمایہ کاری کرنے پر مجبور کیا۔
خبر کے مطابق جنوری کے آخری ہفتے میں متاثرہ ڈاکٹر کو نامعلوم نمبر سے ایک پیغام موصول ہوا۔ اس میں تمام ایسے شیئروں کی فہرست اور ایک لنک تھا جس میں سرمایہ کاری پر بھاری منافع کا وعدہ کیا گیا تھا۔ لنک پر کلک کرتے ہی ڈاکٹر کو ایک واٹس ایپ گروپ میں جوڑ لیا گیا۔گروپ آپریٹروں نے اپنی شناخت گلوبل فائننشیل منیجمنٹ فرم کے سینئر افسر کے طور پر کی۔ ان میں سے ایک نے دعویٰ کیا کہ وہ اسٹاک مارکیٹ کے اتار چڑھاو کے دوران سرمایہ کاری اور منافع کمانے کا ماہر ہے۔ اس گروپ کا استعمال ڈاکٹر کا اعتماد حاصل کرنے کے لیے کیا گیا۔ ریکیٹ سے وابستہ ارکان نے سرمایہ کاری سے بھاری منافع کو دکھانے والے میسیج پوسٹ کیے تھے۔
اس سے ڈاکٹر کو بھی لگا کہ اس کو سرمایہ کاری کرنا چاہئے۔ اسے ایک فرضی ٹریڈنگ اپلی کیشن پر بھیجا گیا جس کا نام ایک مشہور بین الاقوامی کمپنی سے ملتا تھا۔ جعلسازوں نے ڈاکٹر سے نجی بینک اکاؤنٹ اور دیگر تفصیل حاصل کرلی۔ اس کے بعد سرمایہ کاری کے نام پر پیسہ کئی بینک کھاتوں میں ٹرانسفر کرنے کے لیے کہا۔
ٹرانسفر کی گئی رقم کو جعلی پلیٹ فارم پر سرمایہ کاری کے طور پر دکھایا گیا اور من گھڑنت منافع بھی اس سرمایہ کاری پر دکھایا گیا۔ متاثرہ ڈاکٹر نے 7 مارچ سے 18 مارچ کے درمیان تقریباً 8 ٹرانزیکشن کے ذریعہ 12.31 کروڑ روپئے ٹرانسفر کردیئے جس کے بعد ایپ پر 54 کروڑ روپئے کا منافع نظر آنے لگا۔ متاثرہ نے جب روپئے نکالنے کی کوشش کی تو سائبر جعلسازوں نے متاثرہ کو دھمکی دینا شروع کردی۔ اس کے بعد متاثر کو سمجھ آیا کہ سائبر فراڈ کا شکار ہوچکا ہے۔ اس کے بعد اس نے سائبر کرائم پولیس اسٹیشن جا کرشکایت درج کرائی۔