ڈلیوال کی بھوک ہڑتال کے 100 دن مکمل ہونے پر 5 مارچ کو 100 کسان کریں گے علامتی بھوک ہڑتال

کسان رہنما ابھیمنیو کوہاڑ نے کہا ہے کہ عالمی یوم خاتون کے موقع پر خاتون پنچایت کا انعقاد ہوگا۔ مارچ میں ملک بھر میں ریاستی سطح پر ایم ایس پی گارنٹی قانون کے معاملے پر مہاپنچایت کی جائے گی۔

<div class="paragraphs"><p>جگجیت سنگھ ڈلیوال (فائل)، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

جگجیت سنگھ ڈلیوال (فائل)، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

کسان رہنما جگجیت سنگھ ڈلیوال کی تامرگ بھوک ہڑتال کھنوری بارڈر پر 96ویں دن بھی جاری رہی۔ اس سلسلے میں کسان رہنما ابھیمنیو کوہاڑ نے کہا ہے کہ 5 مارچ کو جگجیت سنگھ ڈلیوال کی بھوک ہڑتال کے 100 دن مکمل ہونے پر کھنوری کسان مورچے پر 100 کسان ایک دن کی علامتی بھوک ہڑتال کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی ملک بھر میں ضلع اور تحصیل سطح پر بھی کسان ایک دن کی علامتی بھوک ہڑتال کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ 8 مارچ کو عالمی یوم خاتون کے موقع پر ایم ایس پی گارنٹی قانون کے معاملے پر کھنوری، شمبھو اور رتن پورہ کسان مورچوں پر خاتون پنچایت کا انعقاد کیا جائے گا۔ ابھیمنیو نے کہا کہ مارچ مہینے میں ملک بھر میں ریاستی سطح پر ایم ایس پی گارنٹی قانون کے معاملے پر مہاپنچایت کی جائے گی۔

اس دوران ابھیمنیو کوہاڑ نے پنجاب، ہریانہ، راجستھان اور اتر پردیش میں کئی ضلعوں میں ہوئی زبردست ژالہ باری پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس سے سرسوں اور گہیوں کی فصلوں کو بڑے پیمانے پر نقصان ہونے کا امکان ہے، اس لیے حکومت بغیر کسی تاخیر کے گرداوری کروا کر کسانوں کے لیے مناسب معاوضہ کا اعلان کرے۔


جگجیت سنگھ ڈلیوال کی طبیعت کی بات کی جائے تو بدھ کے روز انہیں تیز بخار اور زیادہ ٹھنڈ لگنے کی وجہ سے کپکپی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ موقع پر موجود ڈاکٹروں کی ٹیم کی کوششوں سے 2 گھنٹے میں ان کی حالت معمول پر آ گئی۔ کسان رہنما کاکا سنگھ کوٹڑا اور ابھیمنیو کوہاڑ نے کہا کہ ڈلیوال کا بخار اتارنے کے لیے ٹھنڈے پانی کی پٹیاں ماتھے پر رکھی گئی تھیں جس سے ان کو آرام ملا۔ اس کے بعد رگ میں ڈرپ لگانے کی کوشش کی لیکن رگ نہیں ملی۔ کسان رہنماؤں نے مرکزی حکومت سے التجا کی ہے کہ کسانوں کے مطالبات کو تسلیم کرکے ڈلیوال کی جان بچائی جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔