بہار اسمبلی انتخاب کے دوران 10 پولیس اہلکار ڈیوٹی سے غائب، کارروائی کا حکم جاری

بہار پولیس ہیڈ کوارٹر نے 25 اکتوبر کو حکم جاری کیا تھا کہ دوسرے مرحلہ کی پولنگ کے لیے پٹنہ ضلع سے مجموعی طور پر 3429 پولیس اہلکاروں کو انتخابی ڈیوٹی کے لیے مختلف اضلاع میں بھیجا جائے۔

<div class="paragraphs"><p>بہار پولیس / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

بہار اسمبلی انتخاب 2025 کے دوران پٹنہ پولیس کی بڑی لاپرواہی سامنے آئی ہے۔ دوسرے مرحلہ کی پولنگ (11 نومبر) کے لیے پٹنہ ڈسٹرکٹ پولیس فورس سے 3429 کانسٹیبل اور سپاہیوں کو انتخابی ڈیوٹی کے لیے مختلف اضلاع میں بھیجا گیا تھا، لیکن ان میں سے 10 پولیس اہلکار اب تک ڈیوٹی پر نہیں پہنچے ہیں۔ اس لاپرواہی کو لے کر پولیس ہیڈ کوارٹر نے سخت موقف اختیار کیا ہے اور تمام 10 پولیس اہلکاروں کے خلاف فوری طور پر کارروائی کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

بہار پولیس ہیڈ کوارٹر نے 25 اکتوبر کو حکم جاری کیا تھا کہ دوسرے مرحلہ کی پولنگ (11 نومبر) کے لیے پٹنہ ضلع سے مجموعی طور پر 3429 پولیس اہلکاروں کو انتخابی ڈیوٹی کے لیے مختلف اضلاع میں بھیجا جائے۔ اس میں سیتامڑھی کے لیے 1153، گیا کے لیے 577، شیوہر کے لیے 49، بھاگلپور کے لیے 578، جموئی کے لیے 308، ارول کے لیے 67 اور نوادہ کے لیے 697 پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کی گئی تھی۔


سیتامڑھی ضلع میں بھیجے گئے 10 پولیس اہلکار اب تک رپورٹ نہیں کر پائے ہیں۔ ان میں روی کانت نرج، سنجے کمار، امت کمار، نہا کماری، نیلم کماری، سپنا کماری، اسمتا کماری، نشا کماری، روبی کماری اور چترا چندرونشی شامل ہیں۔ ان لوگوں نے پولنگ ڈیوٹی میں حصہ نہیں لیا۔ اس غیر حاضری کو سنگین مانتے ہوئے پٹنہ پولیس سپرنٹنڈنٹ نے فوری طور پر ان تمام کی تنخواہوں کو روکنے کا حکم دیا ہے۔ ساتھ ہی حکم دیا گیا ہے کہ اس کے خلاف معطلی، محکمانہ کارروائی اور ایف آئی آر درج کرنے کا عمل شروع کیا جائے۔

پولیس ہیڈ کوارٹر کا کہنا ہے کہ انتخاب جیسے حساس کام میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انتخابی ڈیوٹی کے دوران نضم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس واقعہ سے پورے پولیس محکمہ میں ہلچل مچ گیا ہے اور بقیہ پولیس اہلکاروں کو بھی واضح طور پر پیغام دیا گیا ہے کہ ڈیوٹی میں کوتاہی کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی۔