’میری ڈیوٹی ختم‘ کہہ کر 10 پائلٹ طیارہ سے اتر گئے، جئے پور ایئرپورٹ پر پھنس گئے 1600 مسافر!

ہوابازی محکمہ کے ’ایف ڈی ٹی ایل‘ اصول کے پیش نظر 10 پائلٹ نے طیارہ کو چھوڑ دیا، اس وجہ سے 10 فلائٹس میں سے صرف 2 فلائٹس ہی پرواز کر سکیں اور 8 اب بھی جئے پور ایئرپورٹ پر کھڑی ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر، آئی اے این ایس&nbsp;</p></div>

علامتی تصویر، آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

جئے پور ایئرپورٹ پر بدھ کی شب ایک حیران کرنے والا معاملہ پیش آیا۔ دراصل ایک ہی دن میں 10 فلائٹس کے پائلٹ نے طیارہ کو چھوڑ دیا اور پرواز سے صاف انکار کر دیا۔ اس کی وجہ شہری ہوابازی کے ’ایف ڈی ٹی ایل‘ اصول بتائی جا رہی ہے۔ دراصل ایف ڈی ٹی ایل اصول کے مطابق ڈیوٹی ٹائم ختم ہونے کے بعد پائلٹ کی ڈیوٹی ختم ہو جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ فلائٹ ڈیوٹی ٹائم لمیٹیشن کے تحت پائلٹس نے مزید ڈیوٹی نہ کرنے کا فیصلہ لیا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ 10 فلائٹس میں سے اب بھی 8 فلائٹس جئے پور ایئرپورٹ پر کھڑی ہیں۔ دو فلائٹس کو کسی طرح منزل کی طرف روانہ کیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیوٹی کے لیے مختص گھنٹہ مکمل ہونے کے بعد پائلٹس نے طیارہ نہ چلانے کا فیصلہ کیا۔ اس وجہ سے جئے پور ایئرپورٹ پر 10 طیارے ایک ساتھ کھڑے ہو گئے۔ یہ سبھی فلائٹس بدھ کی شب شدید کہرے کے سبب جئے پور ڈائیورٹ ہوئی تھیں۔ ان میں انڈیگو کی 2، ایئر انڈیا کی 5، وِستارا کی 1 اور الائنس ایئر کی 2 فلائٹس میں ایف ڈی ٹی ایل ہوا، جس سے 1600 مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔


واضح رہے کہ راجدھانی دہلی میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کہرے کے سبب وزیبلٹی (مرئیت) میں بہتری نہیں ہوئی تو فلائٹس کے دہلی جانے کی امید ختم ہو گئی اور فلائٹس کو جئے پور ڈائیورٹ کر دیا گیا تھا۔ جئے پور ایئرپورٹ پر لینڈ ہونے کے بعد پائلٹس نے اپنا اپنا ڈیوٹی ٹائم مکمل ہونے کے سبب رات میں ہی طیارہ چھوڑ دیا۔ اس وجہ سے 10 فلائٹس کے تقریباً 1600 مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ کسی طرح 2 طیارے منزل کے لیے روانہ ہو گئے، لیکن 8 طیاروں کے مسافر اب بھی منزل کے لیے روانہ ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔