مودی حکومت کی ڈرامہ بازی ہے اعلی ذاتوں کو ریزرویشن: اسلم باشاہ

’’اس بل کی منظوری سے یہ بات صاف ظاہر ہے کہ 5 ریاستی اسمبلی انتخابات میں شکست کے بعد بی جے پی بوکھلائی ہوئی ہے اور اعلی ذاتوں کے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کررہی ہے۔‘‘

تصویر پریس ریلیز
تصویر پریس ریلیز
user

پریس ریلیز

چنئی: غریب اعلی ذاتوں کے لئے حکومت کی طرف سے آئینی ترمیمی بل منظور کرا لیا گیا ہے اور گزشتہ رات صدر نے 10 فیصد ریزرویشن قانون پر دستخط بھی کر دئے۔ مودی حکومت اسے اپنی ایک بڑی کامیابنی تصور کر ہی ہے لیکن حزب اختلاف کا کہنا ہے کہ یہ حکومت کا سیاسی حربہ ہے اور انتخابات میں ووٹ حاصل کرنا بی جے پی کا واحد مقصد ہے۔

تمل ناڈو کانگریس کمیٹی اقلیتی شعبہ کے چیئرمین ڈاکٹر جے اسلم باشاہ نے بی جے پی حکومت کی جانب سے اقتصادی طور پر کمزور اعلی ذاتوں کو 10 فیصد ریزرویشن دینے کیلئے عجلت میں ترمیمی بل منظور کرنے پر اپنے ردعمل کا اظہا رکرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی حکومت کا مذکورہ اقدام سراسر سیاسی ڈرامہ بازی ہے اور آنے والے لوک سبھا انتخابات میں اعلی ذاتوں کے ووٹوں کو حاصل کرنے کیلئے بچھایا گیا ایک جال ہے اور خاص طور سے ملک کے سب سے بڑے گھپلے رافیل ڈیل سے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ اس بل کی منظوری سے یہ بات صاف ظاہر ہے کہ حال ہی میں 5 ریاستی اسمبلی انتخابات میں شکست کے بعد بی جے پی بری طرح بوکھلائی ہوئی ہے اور کسی بھی طرح امسال ہونے والے عام انتخابات میں اپنے آپ کو کراری شکست سے بچانے کیلئے اعلی ذاتوں کے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کررہی ہے۔ بی جے پی حکومت کا یہ اقدام حیرت انگیز اور مضحکہ خیز ہے کہ ایک طرف سالانہ 2.5 لاکھ کمانے والے کو انکم ٹیکس ادا کرنا پڑتا ہے اور دوسری طرف سالانہ 8 لاکھ روپئے کمانے والے کو غریب بتاکر انہیں ریزرویشن دیا جارہا ہے۔

ڈاکٹر جے اسلم باشاہ نے مزید کہا ہے کہ گزشتہ ساڑھے چار سال کی بی جے پی حکومت سے ملک کے عوام تنگ آچکے ہیں۔ سب کا ساتھ سب کا وکاس کا جملہ اب ایک کا ساتھ باقی کا وناش میں تبدیل ہوگیا ہے۔ ملک میں نفرت کی سیاست سے عوام کو تقسیم کیا جارہا ہے۔ بی جے پی کی جملہ سرکار کے کارنامے سے عوام اچھی طرح واقف ہیں۔ خاص طور پر نریندر مودی نے 2014کے انتخابی مہم میں ملک کے 2کروڑ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے وعدہ کیا تھا لیکن یہ وعدہ صرف کاغذی وعدہ ثابت ہوا۔ کالا دھن کی واپسی کا دعوی بھی ایک جملہ ہی نکلا، نوٹ منسوخی کے بعد ملک میں مچی افراتفری اور بینکوں کے قطار میں کھڑے معصوم لوگوں کے اموات کو عوام نہیں بھولے ہیں۔

تمل ناڈو کانگریس کمیٹی اقلیتی شعبہ کے چیئرمین اسلم باشاہ نے اس بات کی طرف خصوصی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی کی گزشتہ ساڑھے چار کی حکومت میں ملک میں اقتصادی بحران، غیر اعلانیہ ایمرجنسی،گائے کے نام پر انسانوں کا قتل، مذہب کے نام پر ووٹوں کی تقسیم ، خواتین اور معصوم بچیوں کی عصمت ریزی اور قتل کے واقعات،فرضی انکاؤنٹرہلاکتیں، اقلیت مخالف منصوبے، طلاق ثلاثہ بل وغیرہ سے ملک کے تمام طبقات کے لوگ تنگ آچکے ہیں۔ صرف ترقی کے جھوٹے وعدے اور جملے بازی سے ملک کو بحران کی طرف لے جانے والی بی جے پی حکومت کو ملک کے عوام متحد ہوکر اقتدار سے بے دخل کریں۔ اسلم باشاہ نے اپنے اخباری اعلامیہ میں عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں سماجی انصاف اور سیکولرازم قائم کرنے اور ملک کے جمہوری اقدار اور آئین کو بچانے کیلئے آنے والے عام انتخابات میں کانگریس صدر راہل گاندھی اور کانگریس پارٹی کے ہاتھ مضبوط کرنا ضروری ہے۔ جس سے ملک اور ملک کے تمام طبقات کی ترقی ہوگی اور ملک میں پیدا ہوئے نفرت کے ماحول سے عوام کو چھٹکارا حاصل ہوگا اور ملک میں امن و امان قائم ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔