اسمبلی انتخابات میں جیت حاصل کرنے والے 12 میں سے 10 لیڈران کا پارلیمنٹ کی رکنیت سے استعفی

بی جے پی کو تین ریاستوں مدھیہ پردیش، راجستھان اور چھتیس گڑھ میں مکمل اکثریت حاصل کی ہے، پارٹی نے نے چار ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں 21 ممبران اسمبلی کو ٹکٹ دیا تھا

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈیا</p></div>

سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: پانچ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے نتائج آنے کے بعد الیکشن جیتنے والے بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ بدھ کو ایسے 12 میں سے 10 ارکان پارلیمنٹ نے اپنے استعفے پیش کر دیے۔ دو ارکان پارلیمنٹ بالک ناتھ اور رینوکا سنگھ دہلی نہیں پہنچ سکے، وہ بھی جلد استعفیٰ دے دیں گے۔

یاد رہے کہ تین ریاستوں مدھیہ پردیش، راجستھان اور چھتیس گڑھ میں مکمل اکثریت حاصل کرنے والی بی جے پی نے چار ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں 21 ارکان پارلیمنٹ کو ٹکٹ دیا تھا۔ جس وقت ارکان پارلیمنٹ نے استعفی پیش کیا، جے پی نڈا لوک سبھا اسپیکر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین وہاں موجود تھے۔


پارٹی نے راجستھان اور مدھیہ پردیش میں سات سات ممبران اسمبلی کو میدان میں اتارا تھا، جبکہ اس نے چھتیس گڑھ میں چار اور تلنگانہ میں تین ممبران اسمبلی کو ٹکٹ دیا تھا۔ استعفیٰ دینے والے ارکان پارلیمنٹ نریندر سنگھ تومر، پرہلاد سنگھ پٹیل، راکیش سنگھ، مدھیہ پردیش سے ادے پرتاپ اور ریتی پاٹھک، چھتیس گڑھ سے ارون ساؤ اور گومتی سائی اور راجستھان سے راجیہ وردھن سنگھ راٹھور، دیا کماری اور کروڑی لال مینا ہیں۔

ہائی کمان کے فیصلے کے بعد مدھیہ پردیش میں قانون ساز اسمبلی کے انتخابات جیتنے والے مرکزی وزرا نریندر سنگھ تومر اور پرہلاد پٹیل نے لوک سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ان کے ساتھ ریاست میں ایم ایل اے الیکشن جیتنے والے راؤ ادے پرتاپ، راکیش سنگھ اور ریتی پاٹھک نے بھی لوک سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔ اب یہ پانچ لیڈر مدھیہ پردیش میں قانون ساز اسمبلی کے ارکان کے طور پر حلف لیں گے۔ ان میں سے تومر اور پٹیل کو وزیر اعلیٰ کے عہدے کے دعویدار بھی تصور کیا جا رہا ہے۔


پارٹی ہائی کمان کی ہدایت پر راجستھان میں ایم ایل اے الیکشن جیتنے والے راجیہ وردھن سنگھ راٹھور اور دیا کماری نے بھی لوک سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ان دونوں لیڈروں کے علاوہ راجستھان میں ایم ایل اے الیکشن جیتنے والے کروڑی لال مینا نے بھی راجیہ سبھا سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

چھتیس گڑھ میں ایم ایل اے الیکشن جیتنے والے ریاستی صدر ارون ساؤ اور گومتی سائی نے بھی پارلیمنٹ کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ان تمام ارکان پارلیمنٹ نے استعفیٰ دینے سے پہلے پارٹی صدر جے پی نڈا کے ساتھ وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔