بہار قانون ساز کونسل کے 10 نومنتخب اراکین نے لیا حلف، پہلی بار ایوان پہنچے پون سنگھ اور نشانت کمار

حلف برداری کی تقریب کا آغاز جنتا دل (یونائیٹڈ) کے للن پرساد سے ہوا۔ اس کے بعد بی جے پی کے انیل ٹھاکر اور لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے اشرف انصاری نے حلف لیا۔

<div class="paragraphs"><p>بہار قانون ساز کونسل کے نومنتخب اراکین کے ساتھ وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری، تصویر/آئی اے این ایس</p></div>
i

بھوجپوری فلم اداکار پون سنگھ نے بدھ کے روز بہار قانون ساز کونسل کے رکن کی حیثیت سے حلف لے کر باضابطہ طور پر اپنی نئی سیاسی اننگ کا آغاز کر دیا۔ پٹنہ واقع بہار قانون ساز اسمبلی کے احاطے میں منعقدہ تقریب میں نو منتخب 10 قانون ساز کونسل کے اراکین کو چیئرمین اودھیش نارائن سنگھ نے عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ تقریب میں بہار کے وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری سمیت کئی سینئر لیڈران موجود رہے۔

حلف برداری کی تقریب کا آغاز جنتا دل (یونائیٹڈ) کے للن پرساد سے ہوا۔ اس کے بعد بی جے پی کے انیل ٹھاکر اور لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے اشرف انصاری نے حلف لیا۔ چوتھے نمبر پر بہار کے وزیر صحت نشانت کمار نے قانون ساز کونسل کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھایا، جبکہ ان کے بعد پانچویں نمبر پر بھوجپوری اسٹار پون سنگھ نے حلف لیا۔ نشانت کمار اور پون سنگھ دونوں پہلی بار قانون ساز کونسل پہنچے ہیں۔


للن پرساد کو جے ڈی یو کے قومی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے استعفیٰ سے خالی ہوئی نشست پر منتخب کیا گیا ہے۔ نتیش کمار نے مارچ 2026 میں راجیہ سبھا کا رکن بننے کے بعد قانون ساز کونسل کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ حلف برداری کے دوران 3 نو منتخب خاتون اراکین نے بھی قانون ساز کونسل کی رکنیت کا حلف لیا۔ ان میں جے ڈی یو کی بھارتی مہتا اور شیو رانی دیوی کے علاوہ شیلا پرجاپتی شامل رہیں۔

اس کے بعد بی جے پی کے سنجے میوکھ نے حلف لیا، جبکہ راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سنیل کمار سنگھ نے سب سے آخر میں رکنیت کا حلف اٹھایا۔ بہار قانون ساز کونسل کی اس حلف برداری تقریب کے ساتھ ہی تمام 10 نو منتخب اراکین باضابطہ طور پر ایوان کا حصہ بن گئے۔ ان میں سب سے زیادہ توجہ کا مرکز بھوجپوری اداکار پون سنگھ رہے، جنہوں نے تفریحی دنیا سے فعال سیاست تک کا سفر طے کرتے ہوئے اب قانون ساز کونسل کے رکن کی حیثیت سے اپنی نئی ذمہ داری کا آغاز کیا ہے۔ اسی طرح وزیر صحت نشانت کمار کا بھی قانون ساز کونسل میں یہ پہلی مدت کار ہے۔ حلف برداری کے بعد تمام اراکین نے ایوان کے وقار کو برقرار رکھتے ہوئے عوام کے مفاد میں کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔