چھتیس گڑھ کو کورونا ویکسین کی ایک کروڑ خوراکیں فراہم کی جائیں، وزیر اعلیٰ بھوپیش کا مطالبہ

وزیر اعلیٰ بگھیل نے وزیر اعظم سے چھتیس گڑھ کو کورونا کے ٹیکے فراہم کرنے کے تعلق سے مرکزی وزارت صحت کو فوری ہدایت کرنے کی درخواست کی ہے۔

بھوپیش بگھیل، تصویر آئی اے این ایس
بھوپیش بگھیل، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر ریاست کو جولائی مہینے میں کورونا کے ٹیکے کی کم از کم ایک کروڑ خوراکیں فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اس بات سے بھی آگاہی کرائی ہے کہ ریاست میں فی الحال کورونا ویکسین کی محض 9 لاکھ 98 ہزار 810 خوراکیں ہی بچی ہیں، جوکہ صرف 3 دنوں کے لئے کافی ہیں۔

وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے اپنے خط میں کہا کہ بار بار ٹیکوں کا مطالبہ کیے جانے کے بعد چھتیس گڑھ کو خاطر خواہ تعداد میں ٹیکے دستیاب نہیں کرائے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم سے چھتیس گڑھ کو کورونا کے ٹیکے فراہم کرنے کے تعلق سے مرکزی وزارت صحت کو فوری ہدایت کرنے کی درخواست کی ہے۔


خط میں کہا گیا ہے کہ چھتیس گڑھ میں کورونا کے خلاف ٹیکہ اندوزی کا کام تیزی سے چل رہا ہے۔ ریاست میں اب تک فرنٹ لائن ورکرز کو صد فیصد پہلی خوراک اور طبی اہلکاروں کو 91 فیصد پہلی خوراک فراہم کی جا چکی ہے۔ ان میں سے 71 فیصد فرنٹ لائن ورکرز کو اور 70 فیصد طبی اہلکاروں کو کورونا ویکسین کی دوسری خوراک بھی دی جا چکی ہے۔

بھوپیش بگھیل نے مزید کہا کہ ریاست میں اسی طرح 45 سال سے زیادہ عمر کے زمرے میں بھی اب تک 80 فیصد شہریوں کو ویکسین کی پہلی خوراک دی جا چکی ہے۔ اگرچہ 18-44 عمر کے زمرے کی ٹیکہ اندوزی یکم مئی کو ہی شروع ہوئی ہے، پھر بھی کم وقت میں ریاست کے 18-44 سال کے زمرے کے 16 فیصد شہریوں کو بھی کورونا ویکسین کی پہلی خوراک دی جا چکی ہے۔ فی الحال چھتیس گڑھ میں یومیہ 3 لاکھ سے زیادہ ٹیکے لگائے جا رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔