ممبئی میں 10 روزہ ’ماہم میلہ‘ کا آغاز، زائرین کے لیے کیے گئے خصوصی انتظامات
ممبئی پولیس بابا مخدوم شاہ ماہمی کے آستانہ پر سلامی اور پہلا صندل پیش کر میلے کا باقاعدہ آغاز کرتی ہے۔ ممبئی پولیس کے ذریعے پہلا صندل پیش کرنے کی روایت 100 سال سے زائد عرصے پر محیط ہے۔

ممبئی: آج بروز جمعہ ممبئی کے سالانہ ’ماہم میلہ‘ کا آغاز ہو گیا۔ اس روایتی ماہم کے میلے کی شروعات ممبئی پولیس کے ذریعے چادر پوشی سے ہوتی ہے۔ شام 4.30 بجے کے قریب قرآن خوانی اور رات 9 بجے کے قریب پہلے صندل سے باقاعدہ طور پر ماہم کے اس میلے کا آغاز روایت کے مطابق ہوا۔ 1901 سے جاری اس روایتی 10 روزہ میلے میں دور دراز سے عقیدت مند شرکت کے لیے ماہم پہنچتے ہیں اور آستانہ حضرت مخدوم شاہ ماہمی سے گل و چادر پیشی کے ذریعے عقیدت و محبت کا اظہار کرتے ہیں۔
ممبئی پولیس بابا مخدوم شاہ ماہمی کے آستانہ پر سلامی اور پہلا صندل پیش کر میلے کا باقاعدہ آغاز کرتی ہے۔ ممبئی پولیس کے ذریعے پہلا صندل پیش کرنے کی روایت 100 سال سے زائد عرصے پر محیط ہے۔ مانا جاتا ہے کہ ممبئی پولیس کو آستانہ مخدوم شاہ ماہمی سے کافی انسیت ہے۔ ماہم درگاہ کے منیجنگ ٹرسٹی سہیل کھنڈوانی نے نمائندے کو بتایا کہ ماہم کا میلہ 1901 سے گزیٹیڈ ہے۔ گزشتہ ہفتے ہی قطب کوکن حضرت مخدوم علی شاہ ماہمی کا 612واں سالانہ عرس مبارک اختتام پذیر ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ عرس الگ ہے اور ماہم کا میلہ الگ ہے۔ لوگ دونوں تقریبات کو ایک سمجھنے کی غلطی کرتے ہیں، حالانکہ دونوں تقریبات ہی قطب کوکن حضرت مخدوم شاہ ماہمی سے منسوب ہیں۔
سہیل کھنڈوانی نے بتایا کہ ماہم کے تاریخی میلے کا آغاز ممبئی پولیس کی چادر پیشی سے ہوتا ہے۔ یہ روایت 124 سال پرانی ہے۔ ماہم کے میلے میں ممبئی و اطراف کے علاوہ دور دراز سے لوگ عقیدت و محبت اور تفریح کی غرض سے شرکت کرتے ہیں۔ سالانہ میلے میں تقریباً 10 لاکھ زائرین شرکت کرتے ہیں۔ درگاہ میں صبح بعد نماز فجر سے زیارت شروع ہوتی ہے اور یہ سلسلہ دیر رات 1.30 بجے تک جاری رہتا ہے۔
سہیل کھنڈوانی نے بتایا کہ ماہم کے میلے کے دوران عقیدت مندوں کے ذریعے 10 روز میں تقریبا 400 صندل پیش کیے جاتے ہیں۔ 200 سے زائد دکانیں لگتی ہے۔ جھولے اور دیگر تفریح کے لوازمات کا بھی انتظا م کیا جاتا ہے۔ میلے کا انتظام درگاہ کمیٹی اور ایجنسی کے تعاون سے انجام دیا جاتا ہے۔
ماہم کا 10 روزہ میلہ 5 دسمبر سے شروع ہو کر 14 دسمبر تک جاری رہے گا۔ اس دوران زائرین بڑی تعداد میں ماہم کا رخ کرتے ہیں۔ علاقے میں زائرین کی کثیر تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے ممبئی پولیس نے حفاظتی انتظامات کیے ہیں۔ رضاکاروں کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ سی سی ٹی وی سے نگرانی اور رات کے وقت روشنی کا معقول انتظام بھی کیا گیا ہے۔ زائرین کے جم غفیر کے سبب علاقے میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو جاتا ہے۔ اس مسئلے کے مدنظر ممبئی پولیس نے علاقے میں ٹریفک نظام اور آمد و رفت کے انتظام میں کچھ تبدیلیاں کی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔