سمڈیگا میں مال گاڑی کے 10 ڈبے پٹری سے اترے، آمد و رفت متاثر، کئی ٹرینوں کا راستہ بدلا

حادثہ میں 3 سے 4 بوگیوں کو بہت نقصان پہنچا ہے۔ کئی بوگیاں پٹری سے اترنے کے بعد اَپ اور ڈاؤن دونوں ریلوے لائنیں متاثر ہوئی ہیں۔ واقعہ کے بعد ہٹیا-راؤرکیلا پیسنجر کو 29 اکتوبر کے لیے رَد کر دیا گیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

جھارکھنڈ کے سمڈیگا ضلع میں ایک بڑا ریل حادثہ پیش آیا ہے، جہاں راؤرکیلا سے رانچی آ رہی مال گاڑی کے 10 ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ یہ حادثہ کناوارا ریلوے اسٹیشن کے پاس ہوا، جس سے رانچی-راؤرکیلا ریل ڈویژن پر آمد و رفت بری طرح متاثر ہو گیا ہے۔

یہ حادثہ ضلع کے بانو بلاک کے کناوارا ریلوے اسٹیشن کے آگے پول نمبر 35/524 اور 33/524 کے درمیان ہوا۔ اس حادثہ میں ریل کے 10 ڈبے پٹری سے اتر گئے، جبکہ حادثہ میں 3 سے 4 بوگیاں بری طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئی ہیں۔ اس شدید ریل حادثہ کے سبب اَپ اور ڈاؤن دونوں ریلوے لائن متاثر ہوئے ہیں۔ حادثہ کی خبر ملتے ہی ریلوے سیکورٹی فورس اور سمڈیگا ضلع کی بانو تھانہ پولیس موقع پر پہنچی اور حادثہ کے اسباب کی جانچ میں مصروف ہو گئی۔


اس حادثہ میں غنیمت یہ رہی کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ حالانکہ حادثہ کے بعد اس روٹ پر چلنے والی کئی ٹرینیں متاثر ہوئی ہیں۔ واقعہ کے بعد متاثرہ کچھ ٹرینوں کو شارٹ ٹرمنیٹ کیا جا رہا ہے، یا پھر متبادل راستوں سے اس کو چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ٹرین نمبر 586559 ہٹیا-راؤرکیلا پیسنجر 29 اکتوبر کو رَد بھی کر دیا گیا۔

مال گاڑی حادثہ کے بعد کچھ متاثر ہونے والی ٹرینوں کی تفصیل اس طرح ہے:

  • ٹرین نمبر 18175 ہٹیا-جھارسوگوڑا میمو، جو 29-10-2025 کو چلنی تھی، اب ہٹیا اسٹیشن سے نہیں بلکہ راؤرکیلا اسٹیشن سے چلے گی۔

  • ٹرین نمبر 18451 ہٹیا-پوری تپسوینی ایکسپریس کے روٹ میں تبدیلی کی گئی ہے۔ یہ ٹرین پہلے ہٹیا سے روانہ ہوتی تھی، لیکن اب 29 اکتوبر 2025 کو یہ ٹرین ہٹیا اسٹیشن کی جگہ راؤرکیلا اسٹیشن سے شروع ہوگی۔

  • ٹرین نمبر 15027 سمبل پور-گورکھ پور موریہ ایکسپریس، 29 اکتوبر 2025 اپنے مقررہ راستہ راؤرکیلا-ہٹیا-موری کی جگہ بدلے ہوئے راستہ راؤرکیلا-سینی-چانڈل-گنڈا بہار-موری ہو کر چلے گی۔

  • ٹرین نمبر 18523 وشاکھاپٹنم-بنارس ایکسپریس، 29 اکتوبر 2025 اپنے مقررہ راستہ راؤرکیلا-ہٹیا-موری کی جگہ پر بدلے ہوئے راستہ راؤرکیلا-چکردھرپور-کانڈرا-چانڈل-گنڈا بہار-موری ہو کر چلے گی۔

  • ٹرین نمبر 12836 سر ایم وشویشوریا بنگلورو ٹرمینل-ہٹیا ایکسپریس، 28 اکتوبر 2025 اپنے مقررہ راستہ راؤرکیلا-ہٹیا کی جگہ پر بدلے ہوئے راستہ راؤرکیلا-چکردھرپور-کانڈرا-چانڈل-پرولیا-کوٹ شیلا-موری ہو کر چلے گی۔

  • ٹرین نمبر 06056 برونی پوتنور اسپیشل، 29 اکتوبر 2025 کو اپنے مقررہ راستہ موری-ہٹیا-راؤرکیلا کی جگہ پر بدلے ہوئے راستہ موری-گنڈا بہار-چانڈل-راؤرکیلا ہو کر چلے گی۔

  • ٹرین نمبر 13351 دھنباد الاپوژا ایکسپریس، 29 اکتوبر 2025 کو اپنے مقررہ راستہ موری-ہٹیا-راؤرکیلا کی جگہ پر بدلے ہوئے راستہ موری-گنڈا بہار-چانڈل-راؤرکیلا ہو کر چلے گی۔