دہلی: عالمی کتاب میلہ کا افتتاح، دنیا بھر کے 600 سے زائد پبلشرز کی کتابیں موجود

عالمی کتاب میلے میں 20 سے زائد ممالک حصہ لے رہے ہیں اور شارجہ کو مہمان ملک بنایا گیا ہے۔ میلے میں 600 سے زائد پبلشرز کے 1350 اسٹال لگے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی کے پرگتی میدان میں 27 ویں عالمی کتاب میلہ کا افتتاح ہو گیا ہے۔ میلے میں 20 سے زائد ممالک حصہ لے رہے ہیں اور شارجہ کو مہمان ملک بنایا گیا ہے۔ میلے میں 600 سے زائد پبلشرز کے 1350 اسٹال لگے ہیں۔ اس مرتبہ میلے کی تھیم ’معذور کتب بین‘ ہے۔ یہ میلہ13جنوری تک چلے گا۔

عالمی کتاب میلے میں قارئین ہندوستانی کتابوں کے علاوہ تقریباً 2 درجن بیرونی زبانوں کے ادب کو پڑھ پائیں گے۔ واضح رہے کہ کتابوں کے شائقین پرگتی میدان کے ساتھ ساتھ 50 میٹرو اسٹیشنوں سے ٹکٹ حاصل کر سکتے ہیں۔ آن لائن طریقہ سے بھی کتاب میلے کا ٹکٹ حاصل کیا جا سکتا ہے۔

آئی ٹی پی او کی طرف سے پارکنگ کا انتظام گیٹ نمبر-1 پر کیا گیا ہے۔ اس مرتبہ ٹکٹ کا دام بالغوں کے لئے 30 روپے اور بچوں کے لئے 20 روپے رکھا گیا ہے۔ جبکہ اسکول یونیفارم پہنے ہوئے بچوں، معذور افراد اور بزرگوں کے لئے داخلہ مفت رکھا گیا ہے۔

میٹرو سے پرگتی میدان گیٹ نمبر 10 سے جبکہ عوامی گاڑیوں سے آئے لوگ پرگتی میدان گیٹ نمبر 8 سے داخل ہوں تو بہتر رہے گا۔ نجی گاڑیوں کی پارکنگ کی تعداد پرگتی میدان کے گیٹ نمبر ایک پر کی گئی ہے اور وہاں سے میلہ کے مقام تک آنے کے لئے فری شٹل سروس کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔

قبل ازیں، عالمی کتاب میلے کا افتتاح مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں شارجہ کے حکمراں شاہ سلطان بن محمد القاسمی کی کتاب ’بی بی فاطمہ اور ان کے بیٹے‘ کے ہندی اور انگریزی ایڈیشن کا اجراء کیا گیا۔ اس کے علاوہ بریل رسم الخط میں 250 کتابوں کی فہرست کا کیٹلاگ اور کلنڈر بھی جاری کیا گیا۔

محمد القاسمی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیدظاہر کی کہ ایسے میلوں سے شارجہ اور ہندوستان کے تعلقات مستحکم ہوں گے۔ نیشنل بک ٹرسٹ کے چیئرمین بلدیو بھائی شرما نے کہا کہ ٹرسٹ اب لوک زبانوں میں بھی کتابیں شائع کررہا ہے او راس نے مگہی، بھوجپوری اور گونڈ زبان اور تریپورہ کے قبائلی زبانوں میں بھی کتابیں شائع کی ہیں۔

این بی ٹی کی ڈائریکٹر ریتا چودھری نے شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں شارجہ بک اتھارٹی کے چیئرمین احمد بن رقاد العمیری، شارجہ کے ادیب حبیب یوسف عبداللہ السعید اور آل انڈیا بلائنڈفیڈریشن کے سکریٹری جنرل جے اے کول اور اعلی تعلیم کے سکریٹری آر سبرامنیم بھی موجود تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 05 Jan 2019, 7:09 PM
/* */