نظم ’انھیں جنون‘... (شاعر: گوہر رضا)

گوہر رضا
گوہر رضا
user

گوہر رضا

انھیں جنون

انھیں جنون کسی بزم میں اماں نہ رہے

کوئی رہے نہ رہے بزمِ مئے کشاں نہ رہے

انھیں جنون کہ رشتوں کو توڑ ڈالیں سب

ہمیں یہ فکر کوئی بھی خفا خفا نہ رہے

انھیں جنون کہ دل پاش پاش ہو جائیں

ہمیں یہ فکر کوئی زخم بے دوا نہ رہے

انھیں جنون کہ ہر شام شامِ غم میں ڈھلے

ہمیں یہ فکر کہ دل شام سے بجھا نہ رہے

انھیں جنون کہ دنیا سہم سہم کے جیے

ہمیں یہ فکر کہ کوئی سزا جزا نہ رہے

انھیں جنون کہ ہر شہر شہرِ آتش ہو

ہمیں یہ فکر کہ عالم سجا سجا سا رہے

انھیں جنون کہ کوئی بھی سربلند نہ ہو

ہمیں یہ فکر کہ کوئی سر جھکا جھکا نہ رہے

انھیں جنون کہ روشن خیال کوئی نہ ہو

ہمیں یہ فکر کہیں دورِ جاہلاں نہ رہے

انھیں جنون کہ ہر اک زباں پہ تالا ہو

ہمیں یہ فکر کہ کوئی بھی بے زباں نہ رہے

(نوٹ: گوہر رضا کے فیس بک پوسٹ سے)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔