معروف بزرگ شاعر اور بزم شیدائے اردو کے روح رواں ڈاکٹر سعید اعظمی کی رحلت

مشہور و معروف بزرگ شاعر اور بزم شیدائے اردو متھرا کے روح رواں سعید اعظمی عرف سعید انصاری انتقال کر گئے، جوکہ ممبئی میں پی آئی بی کے ایک سنئیر رکن اختر انصاری کے والد بزرگوار ہیں

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

ممبئی: مشہور و معروف بزرگ شاعر اور بزم شیدائے اردو متھرا کے روح رواں سعید اعظمی عرف سعید انصاری انتقال کر گئے، جو کہ ممبئی میں پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) کے ایک سنئیر رکن اختر انصاری کے والد بزرگوار ہیں۔

اختر سعید اعظمی کے مطابق آج صبح تقریباً ساڑھے گیارہ بجے ان کی طبیعت اچانک بگڑنے لگی اور اسپتال لے جانے کے دوران انہوں نے داعی اجل کو لبیک کہا۔ 85 سالہ سعید اعظمی کے پسماندگان میں پانچ بیٹے اورچار بیٹیاں تھیں ،لیکن ایک بیٹی کا انتقال ہوگیا ہے۔ ان کی اہلیہ کا دس سال قبل انتقال ہوچکا ہے۔ان کاشعری مجموعہ سخن سعید 2016 میں منظرعام پر آ یاتھااور حال میں پرواز سعیدنامی مجموعہ شائع ہوا ہے۔


سعید اعظمی کو حال میں یونیورسٹی آف ساؤتھ امریکہ نے ڈاکٹرآف لیٹرس ( ڈی لٹ ) کی ڈگری سے نوازا تھا ، سعید انصاری کا تعلق مشرقی اتر پردیش کے مشہور شہر اعظم گڑھ سے ہے، لیکن 1960ء کی دہائی میں وہ کسی وجہ سے متھرا آئے اور پھر یہیں کے ہو کر رہ گئے۔

انہوں نے وکالت کے ساتھ ساتھ مچھلیوں کا کاروباری شروع کردیا، لیکن اردو کی محبت کو دل سے جدا نہیں کر سکے اور اس خطہ میں آہستہ آہستہ کم ہوتی جارہی اردوزبان کو نوجوانوں میں فروغ دینے کے لیے انہوں نے بیڑہ اٹھایا اور2001 میں بزم شیدائے اردومتھراکی بنیاد ڈالی اور اردو کی ترقی و فروغ کے لیے اردوزبان کو مشاعروں اور تعلیم سے وابستہ کرنے کی جدوجہد کرتے رہے۔


بزرگ شاعر سعید انصاری نے متھرا میں اردو زبان وادب کے فروغ کے لئے شروع میں چھوٹی چھوٹی شعری وادبی محفلیں منعقد کرنے لگے جس کی وجہ سے اردو داں طبقہ ان محفلوں میں شامل ہونے لگا، جس کی وجہ سے اس خطے میں بھی اردو زبان نے کافی ترقی کی۔ سعید انصاری کو اردو کی ترقی اور فروغ کے لیے ان کی خدمت کے لیے یہ اعزاز دیا گیا ہے ۔ متھرا شهر برج بھاشا کے لیے مشہور ہے اور اس میں لاتعداد الفاظ اردو ، فارسی وغیرہ کے پائے جاتے ہیں ، اس لیے یہاں اردو کے فروغ کے زیادہ مواقع پاۓ جاتے ہیں ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔