ملک کی گنگا-جمنی تہذیب و یکجہتی کو برقرار رکھنے کے لئے اردو اساتذہ کی تقرری جائے: ڈاکٹر انصاری

اردو کی ابتدائی تعلیم کے لئے پرائمری اسکولوں میں اردو اساتذہ کی تقرری نہ ہونے سے نئی نسل اردو کی تعلیم سے محروم ہے اور موجودہ حکومت تعصب کی بنیاد پر اردو اساتذہ کی تقرری نہیں کر رہی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

پرتاپ گڑھ: جنگ آزادی کی زبان اردو جس نے انقلاب زندہ باد جیسے نعرہ دیئے آج وہی زبان اپنے ہی ملک میں دم توڑتی نظر آرہی ہے، جس کے قصوروار خود اردو زبان والے زیادہ ہیں جو اس کی تبلیغ ترویج کے لئے کوئی مثبت قدم نہیں اٹھا رہے ہیں، جس کے سبب ہماری نئی نسل اردو سے نا واقف ہو رہی ہے۔ جبکہ حکومت کی بے حسی کے سبب ابتدائی تعلیم میں پرائمری اسکولوں میں اردو اساتذہ کی کمی کے سبب بچے اردو تعلیم سے محروم ہیں۔ حکومت ملک کی گنگا-جمنی تہذیب و یکجہتی کی ضامن زبان اردو کے فروغ کے لئے پرائمری سطح پر اردو اساتذہ کی تقرری کرے، جس سے نئی نسل اردو کی تعلیم حاصل کر سکے۔ پیس پارٹی کے قومی نائب صدر ڈاکٹر عبدالرشید انصاری نے جاری پریس ریلیز کے ذریعہ مذکورہ تاثرات کا اظہار کیا۔

ڈاکٹر عبدالرشید انصاری نے کہا کہ اردو زبان کا جنم ہندوستان میں ہوا جس نے یہاں بھائی چارے و یکجہتی کو فروغ دے کر محبت کی شمع روشن کی ہے۔ اردو ہندوستانیوں کی زبان ہے۔ یہ کسی خصوصی طبقے کی زبان نہیں ہے۔ آج اردو کو مسلمانوں کی زبان کرار دے کر اس کو تعصب کی نذر کیا جا رہا ہے۔جبکہ اردو ملک کی سب زیادہ بولی جانے والی دوسری سرکاری زبان ہے۔ آزادی کے بعد سے ہی زیر اقتدار حکومتوں کی بے حسی کے سبب آج اردو اپنے گھر میں ہی اجنبی بنی ہوئی ہے۔


اردو کی ابتدائی تعلیم کے لئے پرائمری اسکولوں میں اردو اساتذہ کی تقرری نہ ہونے سے نئی نسل اردو کی تعلیم سے محروم ہے اور موجودہ حکومت تعصب کی بنیاد پر اردو اساتذہ کی تقرری نہیں کر رہی ہے۔ عدالت کی ہدایت کے باوجود اردو اساتذہ کی تقرری نہیں کی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر انصاری نے کہا کہ خود اردو زبان بولنے والوں کو اردو کے فروغ کے لئے آگے آنا ہوگا، جس سے وہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔ ملک میں محبت و یکجہتی کی فضا ہموار کرنے کے لئے اردو کا فروغ بہت ضروری ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک کی گنگا-جمنی تہذیب و یکجہتی کو برقرار رکھنے کے لئے پرائمری سطح پر اساتذہ کی تقرری کی جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔