انگریزی میڈیم طلباء کے لئے آن لائن اردو کلاسز کا آغاز، بزم صدف کی پہل

شہاب الدین احمد نے شرکاء کو بزم صدف کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے انگریزی میڈیم کے طلباء کے لئے بزم صدف دوحہ چیپٹر کی آن لائن اردو کلاس کو ایک خوش آئند قدم بتایا۔

علامتی تصویر / Getty Images
علامتی تصویر / Getty Images
user

یو این آئی

نئی دہلی / دوحہ: اردو کے فروغ اور توسیع و اشاعت کے لئے سرگرم تنظیم بزم صدف انٹرنیشنل قطر نے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے خلیج اور دوسرے ممالک میں قیام پذیر اردو کے شیدائی کے لئے آن لائن اردو کلاس شروع کر دیا ہے۔ یہ اطلاع بزم صدف انٹرنیشنل قطر کے چیرمین شہاب الدین احمد نے بزم صدف انٹرنیشنل کے سرپرست اعلیٰ صبیح بُخاری مرحوم کی یاد میں منعقدہ بین الاقوامی آن لائن مشاعرے میں دی ہے۔

شہاب الدین احمد نے شرکاء کو بزم صدف کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے انگریزی میڈیم کے طلباء کے لئے بزم صدف دوحہ چیپٹر کی آن لائن اردو کلاس کو ایک خوش آئند قدم بتایا۔ یہ آن لائن کلاس برطانیہ کی تجربہ کار استانی میمونہ امین کی رہنمائی میں چلائی جائے گی، جنہوں نے پروگرام میں براہ راست مانچسٹر سے شرکت کی۔


بزم صدف دوحہ چیپٹر کے صدر ڈاکٹر ندیم ظفر جیلانی دانش نے آن لائن اردو کلاس کی مزید تفصیلات بتائیں اور ساتھ ہی سال بھر کے لئے بزم صدف دوحہ کی ترجیحات کو واضح کیا۔ انہوں نے ادیبوں اور شعراء سے گزارش کی کہ نئی نسل کو اردو سے رغبت دلانے کے لئے ادب اطفال پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بزم صدف دوحہ اس ضمن میں عملی اقدام کرے گی۔

معروف نقاد و ادب پروفیسر صفدر امام قادری نے جو بزم صدف انٹرنیشنل کے ڈائریکٹر بھی ہیں، پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے بزم صدف کے سرپرست اعلی مرحوم صبیح بُخاری کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کے جانے سے اردو کا ایک سچا عاشق اور بے لوث خادم ہم سے جدا ہو گیا۔ انہوں نے بزم صدف دوحہ کی انگریزی میڈیم کے طلباء کو اردو سکھانے کی پہل کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ایک اہم قدم بتایا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس تجربے سے فائدہ اٹھا کر کچھ اور زبانوں میں بھی اردو کی تعلیم کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔


پروگرام کی مہمان خصوصی محترمہ صوفیہ بُخاری (اہلیہ صبیح بُخاری صاحب مرحوم) نے بزم صدف اور اردو سے اپنے خاوند کے تعلق کو یاد کیا اور مستقبل میں بھی اسے برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس پروگرام کی خاص بات یہ تھی کہ ہندی کی معروف شاعرہ ڈاکٹر مینو پراشر مانسی اس میں مہمان اعزازی تھیں اور انہوں نے اردو اور ہندی کے شعراء و ادباء کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی بزم صدف انٹرنیشنل کی کوششوں کو سراہا۔

پروگرام کے دو اور مہمانان اعزازی دوحہ قطر کے دو مستند اور معروف شعرائے کرام رفیق شاد اکولوی اور احمد اشفاق تھے۔ احمد اشفاق بزم صدف انٹرنیشنل کی مرکزی کمیٹی کے رکن اور پروگرام ڈائریکٹر بھی ہیں۔ مشاعرے کی نظامت بزم صدف دوحہ کے صدر ڈاکٹر ندیم جیلانی دانش نے کی۔ جن شعراء نے مشاعرے میں اپنا کلام سنایا ان کے نام مندرجہ ذیل ہیں۔


پروفیسر صفدر امام قادری، ڈاکٹر مینو پراشر مانسی، رفیق شاد اکولوی، احمد اشفاق، مظفر نایاب، منصور اعظمی، ڈاکٹر ندیم جیلانی دانش، ڈاکٹر وصی الحق وصی، وقار ندوی (نائب صدر بزم صدف دوحہ)، مقصود انور مقصود، اشفاق دیشمکھ، اطہر اعظمی، فریدہ نثار انصاری، راقم اعظمی، طاہر جمیل، اور سید مشفق رضا نقوی۔

آخیر میں بزم صدف دوحہ چیپٹر کے جنرل سکریٹری جناب وصی الحق وصی نے مہمانوں اور بزم صدف دوحہ کی تکنیکی ٹیم خاص طور پر پروگرام ڈائریکٹر محمد عرفان اللہ اور نائب پروگرام ڈائریکٹر اؤم پرکاش پریرا کا شکریہ ادا کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔