عالمی یوم اُردو کے موقع پر غالب اکیڈمی میں پروقار تقریب کا انعقاد

ڈاکٹر سید احمد خان نے کہا کہ ’’یہ سلور جبلی تقریب ہے اور یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہم علامہ اقبالؒ کے یوم پیدائش کی مناسبت سے عالمی یوم اُردو منا رہے ہیں۔‘‘

غالب اکیڈمی میں عالمی یومِ اردو پر تقریب کا انعقاد
غالب اکیڈمی میں عالمی یومِ اردو پر تقریب کا انعقاد
user

محمد تسلیم

نئی دہلی: ڈاکٹرسر علامہ محمد اقبال کے یوم ولادت کے موقع پر’اُردو زبان کو درپیش چیلینجز اور ان کا حل‘ عنوان سے اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن اور یونائٹیڈ مسلم آف انڈیا کے اشتراک سے قومی راجدھانی دہلی کے بستی حضرت نظام الدین واقع غالب اکیڈمی آڈیٹوریم میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس میں مختلف میدانوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی ایک درجن سے زائد اہم شخصیات کو خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا۔

اس دوران مہمانان کے دست مبارک سے خصوصی طور پر عالمی یوم اردوکے موقع پر مولانا عبدالحمید رحمانی کی حیات و خدمات کے حوالے سے ایک یادگار مجلہ کا اجرا کیا گیا۔ اس موقع پر تقریب کے کنوینر اور صفدر جنگ اسپتال میں آیوروید اور یونانی محکمہ کے سابق سربراہ حکیم و ڈاکٹر سید احمد خان نے سبھی مہمانان کا استقبال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ سلور جبلی تقریب ہے اور یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہم علامہ اقبالؒ کے یوم پیدائش کی مناسبت سے عالمی یوم اُردو منا رہے ہیں نیز ہماری کوشش ہے کہ اردو زبان کو مزید فروغ دیا جائے۔‘‘


اس موقع پر دہلی یونیورسٹی کے سابق استاد پروفیسر عبدالحق نے تقریب کے منتظمین بالخصوص ڈاکٹر سید خان کو مبارکباد پیش کی۔ تقریب سے تسمیہ ایجوکیشنل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سید فاروق، نیشنل کمیشن برائے تعلیمی ادارہ جات (حکومت ہند) کے چیئرمین جسٹس این کے جین، معروف عالم دین مولانا محمد رحمانی مدنی، خواجہ محمد شاہد (سابق آئی اے ایس)، پریس کلب آف انڈیا دہلی کے صدر اوماکانت لکھیڑا، ڈاکٹر لال بہادر، مشہور انسانی حقوق کارکن مولانا زاہد آزاد جھنڈا نگری، مولانا سراج الدین ندوی، معروف صحافی سہیل انجم و دیگر نے شرکت کرتے ہوئے ڈاکٹر علامہ اقبال کی حیات و خدمات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

اجلاس کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر خبیب احمد نے بخوبی انجام دیے، جبکہ آغاز میں ڈاکٹر محمد اکرم نے تلاوت کلام اللہ پڑھی اور بزرگ شاعر متین امروہوی نے اردو زبان کے حوالے سے چند قطعات پیش کئے اور علامہ اقبال کی شان اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کیا، نیزسامعین کو محظوظ کیا۔


عالمی اردو ایوارڈ یافتگان 2022 میں پروفیسر حبیب الرحمن نیازی، محمد محمود خان، حکیم فخر عالم، ڈاکٹر ابھے کمار، مہتاب عالم، انتظار نعیم، ڈاکٹر عمیر منظر، محمد رئیس صدیقی، کرشنا شرما دامنی، ڈاکٹر عبید اللہ چودھری، عبدالرشید اعظمی، اشرف میواتی، سید ساجد علی ٹونکی، رونق جمال، نشاط حسن، زبیر خان سعیدی، طاہر الحسن، محترمہ روہنی سنگھ، الحاج محمد ناصر خان (فرید بک ڈپو) کے نام قابل ذکر ہیں۔ تقریب کو کامیاب بنانے میں ڈاکٹر عمران قنوجی، حکیم عطا الرحمن اجملی، ڈاکٹر حبیب اللہ، حامد علی اختر، حافظ مرتضی دہلوی، ڈاکٹر آفتاب، شیخ سعد، سید اعجاز حسن، حکیم آفتاب عالم، حاجی شمیم و دیگر نے اہم کردار ادا کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔