’دارا شکوہ پہلا شخص تھا جس نے مناظرے اور مجادلے کے دور میں مکالمے کا آغاز کیا‘

قومی اردو کونسل کی جانب سے قومی سمینار بعنوان ’محمد دارا شکوہ: حیات و خدمات‘ منعقد کیا گیا جس میں پروفیسر اخترالواسع اور ڈاکٹر مشتاق احمد تجاروی سمیت کئی اسکالر نے مقالہ پیش کیے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: داراشکوہ نے جن بنیادوں کو استوار کیا اور جن قدروں کا اشتراک کیا وہ غیرمعمولی تھیں۔ دارا شکوہ وہ پہلا شخص تھا جس نے مناظرے اور مجادلے کے دور میں مکالمے کی شروعات کی۔ ان خیالات کا اظہارمولانا آزاد یونیورسٹی کے صدر اور معروف اسلامی اسکالر پروفیسر اخترالواسع نے قومی اردو کونسل کے ذریعے منعقدہ قومی سمینار ’محمد داراشکوہ:حیات و خدمات‘ کے دوسرے دن ایک سیشن کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

پروفیسر نے مزید کہا کہ داراشکوہ ہمارے تہذیبی، سماجی، علمی، فکری اور ثقافتی ورثے کے امین تھے۔ داراشکوہ نے اپنی کتاب ’سفینۃ الاولیاء‘ میں بہترین ریسرچ میتھوڈولوجی اختیار کی تھی۔ہمیں داراشکوہ کے بارے میں جو مثبت چیزیں ہیں انھیں ضرور اپنانا چاہیے اور منظرعام پر لانا چاہیے۔


انھوں نے قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ داراشکوہ کو ہم نے بھلا دیا تھا اور قومی اردو کونسل نے اس بھولے ہوئے شہزادے کی ہمیں یاد دلائی ہے۔انھوں نے ڈاکٹر شیخ عقیل احمد کو قومی اردو کونسل میں بطور ڈائریکٹر ایک سال مکمل ہونے پر بھی مبارکباد دی۔

اس سیشن میں ڈاکٹر مشتاق احمد تجاروی، پروفیسر اخلاق احمد آہن، پروفیسر علیم اشرف جائسی اور پروفیسر عبدالقادر جعفری نے اپنے مقالے پیش کیے۔ اس سیشن کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر محمد کاظم نے انجام دیئے۔ اس سیشن سے قبل پلینری سیشن میں شام سے تشریف لائے اَمر حسن نے داراشکوہ کی علمی خدمات پر مقالہ پیش کیا۔ انھوں نے اپنے مقالے میں بتایا کہ داراشکوہ نے اسلام اور ہندو مذہب کے درمیان اتحاد کے نکات تلاش کیے۔داراشکوہ فلسفہ وحدۃ الوجود سے متاثر تھا۔ اس سیشن کی صدارت کرتے ہوئے ڈاکٹر عطاء اللہ خان سنجری نے مقالے پر اظہار خیال کیا، ساتھ ہی مقالے سے الگ ہٹ کر انھوں نے اردو حلقے سے اردو وِکی پیڈیا ڈیولپ کرنے اور وِکی پیڈیا پر اردو کے مواد کو زیادہ سے زیادہ اَپ لوڈ کرنے پر زورد یا۔اس سیشن کی نظامت ڈاکٹر شاذیہ عمیر نے کی۔


چوتھے سیشن کی صدارت پروفیسر سید حسن عباس نے کی جس میں پروفیسر عراق رضا زیدی اور ڈاکٹر محشر کمال نے اپنے مقالے پیش کیے۔ نظامت کے فرائض معین شاداب نے انجام دیئے۔ اس موقعے پر پروفیسر سید حسن عباس نے داراشکوہ پر سمینار کو وقت کی ایک اہم ضرورت بتایا اور قومی اردو کونسل کے اس اقدام کی ستائش کی۔پانچویں سیشن کی صدارت پروفیسر سید عین الحسن نے کی۔ جس میں پدم شری ڈاکٹر ناہید عابدی، پروفیسر محمد حبیب نے پرمغز مقالے پیش کیے۔اس سیشن کی نظامت محترمہ غزالہ فاطمہ نے کی۔

آخر میں قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے تمام مندوبین اور شرکا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس دو روزہ کانفرنس سے داراشکوہ کے تعلق سے معاشرے میں ایک مثبت پیغام جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 10 Oct 2019, 6:53 PM