کرن پبلی کیشن کی کتاب ’جنرل نالج- اے ڈکشنری آف فیکٹس‘ اردو طلبا کے لیے بیش قیمتی تحفہ: ڈاکٹر مشتاق صدف

’جنرل نالج- اے ڈکشنری آف فیکٹس‘ کا اجراء پدم شری حکیم سید ظل الرحمان، پروفیسر شافع قدوائی، پروفیسر مولانا بخش، ڈاکٹر مشتاق صدف اور ڈاکٹر سرور ساجد کے دست مبارک سے علی گڑھ واقع ابن سینا اکیڈمی میں ہوا

’جنرل نالج-اے ڈکشنری آف فیکٹس‘ کا اجراء کرتے ہوئے ڈاکٹر سرور ساجد، ڈاکٹر مشتاق صدف، پروفیسرمولا بخش، جناب سید محمد اشرف، پدم شری پروفیسر حکیم سید ظل الرحمان اور پروفیسر شافع قدوائی (دائیں سے بائیں)
’جنرل نالج-اے ڈکشنری آف فیکٹس‘ کا اجراء کرتے ہوئے ڈاکٹر سرور ساجد، ڈاکٹر مشتاق صدف، پروفیسرمولا بخش، جناب سید محمد اشرف، پدم شری پروفیسر حکیم سید ظل الرحمان اور پروفیسر شافع قدوائی (دائیں سے بائیں)
user

قومی آوازبیورو

’’جنرل نالج-اے ڈکشنری آف فیکٹس ایک ایسی کتاب ہے جو اردو زبان میں معلومات عامہ پر مبنی معیاری کتاب کی مارکیٹ میں کمی دور کرنے والی ہے۔ یہ اردو داں طلبا کے لیے بیش قیمت تحفہ ہے اور اردو زبان میں مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کرنے والے امیدواروں کے لیے انمول خزانہ سے کم نہیں ہے۔ ایسی کتاب کی ضرورت مدارس، اسکول، کالج اور یونیورسٹی سطح تک کے طلبا محسوس کر رہے تھے۔ مبارکباد کی مستحق ہے کرن پبلی کیشن جس نے یک سطری پیرایہ میں ایک نایاب کتاب اردو داں طبقہ کے حوالے کیا ہے۔‘‘ ان خیالات کا اظہار علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اردو اکیڈمی میں اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر مشتاق صدف نے ’جنرل نالج—اے ڈکشنری آف فیکٹس‘ کے اجراء کے موقع پر تعارفی کلمات پیش کرتے ہوئے کیا۔

جنرل نالج یعنی معلوماتِ عامہ پر مبنی اس کتاب کا اجراء پدم شری حکیم سید ظل الرحمان، پروفیسر شافع قدوائی، پروفیسر مولانا بخش، ڈاکٹر مشتاق صدف اور ڈاکٹر سرور ساجد کے دست مبارک سے علی گڑھ واقع ابن سینا اکیڈمی میں عمل میں آیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر مشتاق صدف نے کہا کہ ’’میرے مطالعے میں جنرل نالج پر مبنی اردو زبان میں ایسی کتاب آج تک نہیں گزری۔ یہ کتاب نہ صرف اپنے انداز میں مختلف ہے بلکہ معلومات کا ایک ذخیرہ اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔ ہندوستانی و عالمی تاریخ ہو یا معیشت، جغرافیہ ہو یا ہندوستانی آئین اور ریاستی نظام... پوائنٹر کی شکل میں جو جانکاریاں فراہم کی گئی ہیں وہ پانچویں درجہ سے لے کر گریجویشن اور اس کے بعد کے طلبا کے لیے بھی بیش بہا ہیں۔‘‘


اس کتاب کے اجراء کے بعد علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں شعبۂ اردو سے منسلک پروفیسر مولا بخش نے بھی ’کرن پبلی کیشن‘ کی اس پیش رفت کی تعریف کی۔ کتاب کے تعلق سے انھوں نے کہا کہ یہ نئی سوچ اور نئے انداز کے ساتھ شائع کی گئی ایسی کتاب ہے جو ہر طالب علم کے ہاتھوں میں ہونی چاہیے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’اردو میں ایسی کتاب دیکھنے میں نہیں آئی اور ضرورت اس بات کی ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک اسے پہنچایا جائے۔‘‘ پروفیسر مولا بخش نے یہ بھی کہا کہ مدارس اور ایسے این جی اوز جو تحفتاً کتابیں تقسیم کرتے ہیں، انھیں ’کرن پبلی کیشن‘ کی یہ کتاب ضرور خریدنی چاہیے تاکہ بچوں کو نہ صرف اردو کی ایک بہترین کتاب فراہم کی جائے بلکہ اس سے علم میں اس قدر اضافہ ہو کہ تازندگی استفادہ کر سکیں۔ اس موقع پر ویمنس کالج (اے ایم یو) میں اردو کے ایسو سی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر سرور ساجد نے کہا کہ ’’یہ کتاب طلبا و طالبات کے لیے بے حد مفید اور کارآمد ہے۔ اس کتاب کو یقیناً آنے والے وقت میں پذیرائی ملے گی۔‘‘

واضح رہے کہ تقریباً 650 صفحات پر مبنی کتاب ’جنرل نالج-اے ڈکشنری آف فیکٹس‘ دراصل پہلے ہندی زبان میں شائع ہوئی تھی جسے کرن پبلی کیشن نے ماہر مترجم سے اردو میں ترجمہ کرایا تاکہ اردو ذریعہ تعلیم اختیار کرنے والے طلبا کو فائدہ پہنچے۔ اس کتاب کے تعلق سے مولانا مظہر الحق عربی و فارسی یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پدم شری ڈاکٹر پروفیسر شرف عالم نے لکھا ہے کہ ’’کرن پرکاشن نے مختلف مضامین کے متخصص ماہرین کی ٹیم کے ذریعہ جدید ٹیکنک اور ضرورت کے مطابق معلومات عامہ کی ایک مستند، مبسوط، بے مثال اور بے حد کار آمد و مفید دستاویز تیار کرائی جو دوسرے گائیڈ بکس سے زیادہ تکنیکی، سائنٹفک، جامع اور آسان ہے۔ اس مجموعہ میں نہ صرف یہ کہ آبجیکٹو طرز کی پیروی کی گئی ہے بلکہ یک سطری دست رس (One Liner Approach) کا بھی التزام رکھا ہے، جس سے کم وقت میں اور زیادہ مقدار میں چیزیں یاد کر لینا اور انھیں یادداشت کے خزانہ میں زیادہ دنوں تک محفوظ رکھنا آسان ہو گیا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔