فہمیدہ ریاض کی نظم: ‘تم بالکل ہم جیسے نکلے‘، دیکھیں ویڈیو

پاکستان نے مذہبی شدت پسندی کے نقصانات کو قریب سے دیکھا ہے لہذا جب ہندوستان میں مذہبی شدت پسندی نے پیر پھیلائے تو معروف شاعرہ فہمیدہ ریاض نے ایک نظم تحریر کی جس کا عنوان ہے ’تم بالکل ہم جیسے نکلے‘

user

قومی آوازبیورو

پاکستان میں مذہبی شدت پسندی سے پریشان وہاں کے کئی ادباء اور شعرا حضرات نے ہندوستان میں لمبے وقت تک قیام کیا ہے اور وہ ہندوستان کے سیکولر کلچر کے معتقد رہے ہیں، لیکن 80 کی دہائی کے آخر سے انہیں ہندوستان بھی بدلتا ہوا نظر آیا۔ بابری مسجد کی انہدامی اور اس سے پہلے اور بعد میں جس فرقہ واریت کا ننگا ناچ دنیا نے دیکھا اس کے بعد سے آج تک اس بات کا ذکر ہوتا رہا ہے کہ ہندوستان اب سیکولر اقدار کو خیر باد کہہ کر ہندو راشٹر کی طرف گامزن ہے۔ اب جبکہ وزیر اعظم نریندر مودی نے رام مندر تعمیر کے لئے ’بھومی پوجن‘ کیا تو ایک مرتبہ پھر ہندوستان کو ہندو راشٹر بنانے کی بات شروع ہو گئی۔

پاکستانی سماج نے مذہبی شدت پسندی سے ہونے والے نقصانات کو بہت قریب سے دیکھا تھا اور دیکھ رہے ہیں، اس لئے جب ہندوستان میں مذہبی شدت پسندی نے اپنے پیر پھیلانے شروع کیے تو پاکستان کی معروف شاعرہ فہمیدہ ریاض نے 1996میں ان حالات پر ایک نظم تحریر کی جس کا عنوان انہوں نے رکھا ’تم بھی ہم جیسے نکلے بھائی‘۔ یہ نظم آج پہلے سے زیادہ موضوع نظر آ رہی ہے۔


تم بالکل ہم جیسے نکلے، اب تک کہاں چھپے تھے بھائی

وہ مورکھتا وہ گھامڑ پن جس میں ہم نے صدی گنوائی

آخر پہنچی دوار توہارے، ارے بدھائی بہت بدھائی

پریت دھرم کا ناچ رہا ہے قائم ہندو راج کرو گے؟

سارے الٹے کاج کرو گے؟

اپنا چمن تاراج کرو گے؟

تم بھی بیٹھے کرو گے سوچا، پوری ہے ویسی تیاری

کون ہے ہندو کون نہیں ہے، تم بھی کرو گے فتویٰ جاری؟

ہوگا کٹھن یہاں بھی جینا، دانتوں آجائے گا پسینہ

جیسی تیسی کٹا کرے گی، یہاں بھی سب کی سانس گھٹے گی

بھاڑ میں جائے شکشا وکشا، اب جاہل پن کے گن گانا

آگے گڑھا ہے یہ مت دیکھو، واپس لاؤ گیا زمانہ

مشق کرو تم آجائے گا، الٹے پاؤں چلتے جانا

دھیان نہ دوجا من میں آئے، بس پیچھے ہی نظر جمانا

ایک جاپ سا کرتے جاؤ، بارم بار یہی دہراؤ

کیسا ویر مہان تھا بھارت، کتنا عالی شان تھا بھارت

پھر تم لوگ پہنچ جاؤ گے، بس پرلوک پہنچ جاؤ گے

ہم تو ہیں پہلے سے وہاں پر، تم بھی سمے نکالتے رہنا

اب جس نرک میں جاؤ وہاں سے

چٹھی وٹھی ڈالتے رہنا

(فہمیدہ ریاض)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 06 Aug 2020, 4:06 PM