دہلی میں عظیم الشان ادبی محفل، ’آفریں آفریں‘ کا انعقاد 22 ستمبر کو

راجدھانی دہلی واقع انڈیا ہیبی ٹیٹ سنٹر کے’دی اسٹین آڈیٹوریم‘ میں ’ہندوستانی آواز‘ اور ’آئی ایچ سی-آئی ایل ایف سمنوے‘ کے اشتراک سے ادبی محفل کا انعقاد ہو رہا ہے جو 22 ستمبر کو صبح 11 بجے شروع ہوگا۔

تصویر بذریعہ پریس ریلیز
تصویر بذریعہ پریس ریلیز
user

قومی آوازبیورو

’ہندوستانی آواز‘ اور ’آئی ایچ سی- آئی ایل ایف سمنوے‘ کی جانب سے 22 ستمبر کو ’آفرین آفرین‘ پروگرام کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں اُردو کے کئی اہم فنون پیش کیے جائیں گے۔ ادب نوازوں کے لیے خوشی کی بات یہ ہے کہ اس تقریب میں شامل ہونے کے لیے کوئی انٹری فیس یا پاس کی ضرورت نہیں ہے۔ انڈیا ہیبی ٹیٹ واقع ہیبی ٹیٹ ورلڈ کے ’دی اسٹین آڈیٹوریم‘ میں 11 بجے صبح سے شروع ہونے والی یہ تقریب ’ہندوستانی آواز‘ کی بانی رکن رخشندہ جلیل کی رہنمائی میں منعقد ہوگی جو کہ تقریب کے آغاز میں تعارف بھی پیش کریں گی۔

اُردو محب حضرات کے لیے اس تقریب کی اہمیت اس لیے بہت زیادہ ہے کیونکہ انھیں اس میں ہر طرح کے رنگ دیکھنے کو ملیں گے۔ سب سے پہلے تو ’عقیدت کے پھول‘ کے عنوان سے سیشن منعقد ہوگا جس میں حمد، نعت، مرثیہ، سوز اور دعا کو شامل کیا گیا ہے جو طلعت ضمیر، سائرہ مجتبیٰ اور شاہ رخ عالم کی آواز میں ہوں گے۔ اس کے بعد ’دہلی میری جان‘ کے نام سےسیشن چلے گا اور اس میں مغل دور میں دہلی کے شعراء کے اشعار سیف محمود کے ذریعہ پڑھے جائیں گے۔

اسی طرح سے 1.45 بجے سدھا سدانند کے ذریعہ رومانی شاعری پیش کی جائے گی اور پھر 2 بجے ’ہم گنہگار عورتیں‘ عنوان کے تحت نسوانی شاعری پیش کی جائے گی۔ اس کے تحت زہرا نگاہ کی تخلیق اندرا ورما پڑھیں گی، چنّا دوا کشور ناہید کی تخلیق کو ترنم میں پڑھیں گی، فہمیدہ ریاض کی تخلیق کو نوپر شرما آواز دیں گی اور رشمی اگروال پروین شاکر کی شاعری پیش کریں گی۔ 3 بجے ’اُردو میں طنز و مزاح کی روایت‘ عنوان سے پروگرام ہوگا جس میں اظہر اقبال مشہور زمانہ مزاح نگار پطرس بخاری کی تخلیق پڑھیں گے، ابن انشاء کی تخلیق دانش اقبال پڑھیں گے اور اکبر الٰہ آبادی کی تخلیق سعید عالم کے ذریعہ پڑھا جائے گا۔

4 بجے کا پروگرام ’جسم کی کشتی میں آ‘ کے عنوان سے ہے۔ اس کے تحت ویلنٹینا ترویدی بارہ ماسہ سے کچھ چیزیں پڑھیں گی اور سیف محمود معروف و مقبول شاعر ن م راشد اور میرا جی کی شاعری پیش کریں گے۔ شہریار کی شاعری پلّو مشرا کے ذریعہ پڑھی جائے گی۔ 5 بجے کا وقت انقلابی شاعری کا ہوگا۔ ’بول، زبان اب تک تیری ہے‘ کے عنوان سے اس پروگرام میں ونود دُوا ہندی کے مشہور شاعر دشینت اور دھومل کے اشعار پیش کریں گے جب کہ چنّا دُوا فیض احمد فیض و حبیب جالب کی شاعری کو اپنی آواز دیں گی۔ اسی عنوان کے تحت ساحر لدھیانوی اور مخدوم محی الدین کی شاعری کو ودیا شاہ ترنم کے ساتھ پیش کریں گی۔

6 بجے کا پروگرام داستان گوئی پر مبنی ہوگا جس میں فوضیہ داستان گو اور فیروز خان ’داستانِ مہابھارت‘ پیش کریں گے۔ بعد ازاں 6.45 بجے ’دلّی کی نئی شمع‘ کے نام سے ایک چھوٹا سا مشاعرہ پیش کیا جائے گا جس میں پلّو مشرا، شہباز رضوی، عاقب صابر، وِپُل کمار اور امتیاز خان شامل ہوں گے۔ اس مشاعرے کی نظامت اظہر اقبال کے ذمے ہوگی۔ آخر میں 7.30 بجے قوالی کا پروگرام ہے جو دھرو سنگری پیش کریں گے۔

قابل ذکر ہے کہ یہ تقریب آئی ایچ سی-آئی ایل ایف سمنوے کے ’نیو رائٹنگس نیو ڈائریکشنز سیریز‘ کے تحت منعقد ہو رہا ہے۔ ’آفرین آفرین‘ پروگرام اُردو زبان اور ادبی تہذیب کے تعلق سے ایک جشن ہے جو اُردو داں طبقہ کے ساتھ ساتھ ادب سے محبت رکھنے والے ہر عام و خاص کے ذریعہ پسند کیا جائے گا۔

دہلی میں عظیم الشان ادبی محفل، ’آفریں آفریں‘ کا انعقاد 22 ستمبر کو

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔