لگاتار 6 شکستوں کے بعد آر سی بی نے زبردست واپسی کی، حیدرآباد کو 35 رنز سے دی شکست

رائل چیلنجرز بنگلور نے آئی پی ایل 2024 میں اپنی دوسری جیت درج کی ۔ آر سی بی نے لگاتار 6 شکستوں کے بعد حیدرآباد کو شکست دی ۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

رائل چیلنجرز بنگلور یعنی آر سی بی  نے سن رائزرز حیدرآباد کو 35 رنز سے شکست دے دی۔ پہلے کھیلتے ہوئے آر سی بی نے مقررہ 20 اوورز میں 206 رنز کا بڑا اسکور بنایا ۔ بنگلورو کی جانب سے ویراٹ کوہلی اور رجت پاٹیدار نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ دوسری جانب ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ایس آر ایچ  یعنی سن رائزر حیدرآبادکی شروعات اچھی نہیں رہی کیونکہ ٹیم نے 50 رنز کے اندر 3 بڑی وکٹیں گنوا دیں۔ ٹریوس ہیڈ اس بار کوئی طوفان کھڑا نہ کر سکے جنہوں نے صرف 1 رن بنایا۔ وہیں ان کے ساتھی ابھیشیک شرما نے آغاز تو حاصل کیا لیکن ٹیم کو بہتر پوزیشن میں نہ لا سکے۔ ابھیشیک نے 13 گیندوں میں 3 چوکے اور 2 چھکے لگا کر 31 رنز بنائے۔ حیدرآباد کے بلے بازوں کو خاص طور پر اسپن بولنگ کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ آر سی بی کے اسپن گیند بازوں نے اس میچ  میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔

سن رائزرز حیدرآباد نے پاور پلے اوورز میں 62 رنز بنائے تھے لیکن ٹیم نے 4 وکٹیں بھی گنوا دیں۔ دسویں اوور کا آغاز ہی ہوا تھا کہ 85 رنز کے اسکور پر ایس آر ایچ کی چھٹی وکٹ گر گئی۔ ایسا لگ رہا تھا کہ حیدرآباد یہ میچ بڑے فرق سے ہار جائے گا۔ اس دوران کپتان پیٹ کمنز اور شہباز احمد کے درمیان 39 رنز کی شراکت نے ایس آر ایچ کو امید دلائی تاہم کمنز 15 گیندوں پر 31 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ کمنز نے اپنی اننگز میں 1 چوکا اور 3 چھکے بھی لگائے۔ سن رائزرس حیدرآباد کو آخری 5 اوورز میں 75 رنز درکار تھے لیکن صرف 3 وکٹیں باقی تھیں۔ اگلے 3 اوورز میں صرف 27 رنز آئے جس کی وجہ سے ٹیم کو جیتنے کے لیے 2 اوورز میں ابھی 48 رنز درکار تھے۔ حیدرآباد کی جانب سے شہباز احمد نے 37 گیندوں میں 40 رنز کی اننگز کھیلی لیکن 19 ویں اوور میں محمد سراج اور یش دیال کی گیند بازی نے 35 رنز سے آر سی بی کی جیت کو یقینی بنا دیا۔


رائل چیلنجرز بنگلور نے سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف 3 اسپن بولنگ آپشنز کے ساتھ میچ میں حصہ لیا۔ یہ حکمت عملی پہلے اوور سے ہی کارگر ثابت ہوئی جب ول جیکس نے ٹریوس ہیڈ کو آؤٹ کر دیا۔ اس دوران کرن شرما نے 4 اوورز میں صرف 29 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اگرچہ تیسرے اسپنر سوپنل سنگھ نے 3 اوور میں 40 رنز دیے لیکن انہوں نے ایڈن مارکرم اور ہینرک کلاسن کی وکٹیں لے کر آر سی بی کے لیے میچ کو یک طرفہ بنا دیا۔ میچ میں یش دیال نے 1 اور کیمرون گرین نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔