راجستھان نے آر سی بی کو ہرایا، بٹلر کے سامنے کوہلی کی سنچری فیل

آر سی بی کو آئی پی ایل 2024 میں مسلسل تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ویراٹ کوہلی کی سنچری بھی رائل چیلنجرز بنگلور کو راجستھان کے خلاف جیتنے میں مدد نہیں کر سکی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

راجستھان رائلز نے ہائی اسکورنگ میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور کو 6 وکٹوں سے شکست دی ہے۔ جے پور کے سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آر سی بی نے پہلے کھیلتے ہوئے 183 رنز بنائے۔ راجستھان کی ٹیم  ہدف کا تعاقب کرنے نکلی  اور اس نے یہ ہدف 5 گیندیں باقی رہ کر حاصل کر لیا۔

آر سی بی کے لیے ویراٹ کوہلی نے 113 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنے آئی پی ایل کیریئر کی 8ویں سنچری بنائی۔ دوسری جانب اگرچہ راجستھان رائلز یعنی  آر آر کے  اوپنر یشسوی جیسوال صفر کے اسکور پر آؤٹ ہوئے لیکن جوس بٹلر کی سنچری اور سنجو سیمسن کی 42 گیندوں میں 69 رنز کی اہم اننگز کی مدد سے راجستھان نے آر سی بی کو یک طرفہ انداز میں شکست دی۔


10ویں اوور تک راجستھان رائلز کا سکور 1 وکٹ پر 95 رنز تھا لیکن پھر میچ یک طرفہ ہو گیا۔ مینک ڈاگر نے 11ویں اوور میں 14 رنز دیے جبکہ ہمانشو شرما نے 12ویں اوور میں 15 رنز دیے۔ ان کے علاوہ یش دیال نے بھی 13ویں اوور میں 13 رنز دیے۔ 3 اوورز میں 42 رنز کی وجہ سے راجستھان رائلز کے لیے مطلوبہ رن ریٹ نمایاں طور پر نیچے آ گیا تھا۔ آر آر کو آخری 5 اوور میں صرف 32 رنز درکار تھے، لیکن 14 ویں اوور میں سنجو سیمسن اور اگلے اوور میں ریان پراگ کے وکٹ نے آر سی بی کی امید جگائی۔

جوس بٹلر ابھی تک کریز پر موجود تھے۔ کافی گیندیں رہ جانے کی وجہ سے آر آر بلے بازوں نے کوئی خطرہ مول نہیں لیا۔ بٹلر نے 58 گیندوں میں 100 رنز بنا کر آر آر کو 6 وکٹوں سے جیتنے میں اہم کردار ادا کیا۔ آئی پی ایل 2024 میں راجستھان کی یہ مسلسل چوتھی جیت ہے اور ٹیم اب پوائنٹس ٹیبل پر 8 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔


ویراٹ کوہلی نے آر آر بمقابلہ آر سی بی میچ میں 67 گیندیں کھیل کر اپنے آئی پی ایل کیریئر کی 8ویں سنچری مکمل کی۔ یہ حقیقت آپ کو حیران کر سکتی ہے کہ 67 گیندوں میں سنچری بنا کر ویراٹ کوہلی آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے سست سنچری بنانے میں منیش پانڈے کے ساتھ مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ لیکن ویراٹ کی سنچری سنجو سیمسن اور جوس بٹلر کی شاندار اننگز اور ان کے درمیان 148 رنز کی شراکت کے مقابلے میں کمزور پڑ گئی۔ جوس بٹلر نے چھکا لگا کر راجستھان کو فتح دلائی اور اس چھکے کے ساتھ ہی انہوں نے اپنی سنچری بھی مکمل کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔