شکھر کے ناٹ آوٹ 88 رنز کی بدولت پنجاب نے چنئی کودی شکست

پنجاب کی آٹھ میچوں میں یہ چوتھی جیت ہے جبکہ اتنے ہی میچوں میں چنئی کی چھٹی شکست جس کی وجہ سے چنئی کی امیدیں ختم ہوتی جا رہی ہیں ۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

اوپنر شکھر دھون کی ن 88 رنز کی بدولت پنجاب کنگز نے چنئی سپر کنگز کو آئی پی ایل مقابلے میں11 رنوں سے شکست دے کراپنی چوتھی جیت درج کی۔ پنجاب نے 20 اووروں میں چار وکٹ پر 187 رنز کا چیلنجنگ اسکور بنایا اور چنئی کی جدوجہد کوچھ وکٹ پر 176 رنز پر ختم کردی۔ چنئی کو آخری اوور میں 27 رنز درکار تھے۔ مہندر سنگھ دھونی نے رشی دھون کی پہلی گیند پر چھکا ضرور لگایا لیکن وہ اپنا کرشمہ نہ دہرا سکے اور ایک آسان کیچ کے ذریعے آؤٹ ہوگئے۔ دھونی کا آؤٹ ہونا تھا کہ چنئی کی امیدیں بھی ختم ہوگئیں۔ پنجاب کی آٹھ میچوں میں یہ چوتھی جیت ہے جبکہ اتنے ہی میچوں میں چنئی کی چھٹی شکست۔

شکھر نے اپنے 200ویں آئی پی ایل میچ کا جشن آئی پی ایل میں 6000 رنز مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ ٹی 20 کرکٹ میں 9000 رن بھی پوراکرکے منایا۔ شکھر نے اننگ کا آغاز کیا اور آخر میں نا ٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔ شکھر نے 59 گیندوں پر نا ٹ آؤٹ 88 رنز میں نو چوکے اور دو چھکے لگائے۔


بھانوکا راجا پاکسے نے 32 گیندوں پر 42 رنز میں دو چوکے اور دو چھکے لگائے۔ لیام لیونگسٹن نے صرف سات گیندوں پر ایک چوکا اور دو چھکوں کی مدد سے 19 رنز بنائے۔ کپتان مینک اگروال نے 21 گیندوں میں 18 رنز بنائے۔ آئی پی ایل میں یہ پہلا موقع ہے جب پنجاب نے اپنی اننگ میں پانچ سے کم وکٹ گنوایاہے۔ شکھر اور بھانوکا راجا پاکسے نے دوسرے وکٹ کے لیے 90 رنز کی شراکت داری کی۔

ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے چنئی کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ رابن اتھپا ایک رن بنانے کے بعد سندیپ شرما کی گیند پر رشی دھون کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ مچل سینٹنر نو رنز بنا کر فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ شیوم دوبے آٹھ رنز بنا کر رشی دھون کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ چنئی کا تیسرا وکٹ 40 کے اسکور پر گرا لیکن رتوراج گائیکواڑ اور امباتی رائیڈو نے چوتھے وکٹ کے لیے 49 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔


پنجاب کے کپتان مینک اگروال نے اس شراکت کو توڑنے کے لیے کگیسو ربادا کو لے کرآئے۔ گائیکواڑ نے ربادا پر چوکا لگایا لیکن اگلی ہی گیند پر مینک کے ہاتھوں لپکے گئے۔ گائیکواڑ نے 27 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 30 رنز بنائے۔ ایک سرے پر جم کر کھیل رہے رائیڈو نے سندیپ سنگھ کے اننگ کے 16ویں اوور میں لگاتار تین چھکے اور ایک چوکا لگا کر 23 رنز بنائے۔ چنئی کو آخری چار اوور میں 47 رنز درکار تھے۔ ارشدیپ نے اننگ کا 17 واں اوور بہتر ڈالا۔ اب چنئی کو تین اووروں میں 41 رنز درکار تھے۔ ربادا نے 18ویں اوور میں رائیڈو کے اسٹمپ بکھیردئے۔ امباتی رائیڈو نے 39 گیندوں پر سات چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 78 رنز کی دھماکہ خیز اننگ کھیلی۔ رائیڈو کے آؤٹ ہونے کے بعد مہندر سنگھ دھونی میدان میں پہنچے۔

چنئی کو آخری دو اووروں میں 35 رن چاہیے تھے۔ اب چنئی کو آخری اوور میں 27 رنز درکار تھے۔ دھونی نے آخری اوور کی پہلی گیند پر چھکا لگایا۔ دوسری گیند وائیڈ تھی۔ اگلی گیند ڈاٹ رہی۔ لیکن اس کی اگلی گیند پر دھونی کیچ اچھال گئے۔ کپتان رویندر جڈیجہ نے پانچویں گیند پر چھکا لگایا لیکن تب تک بازی ہاتھ سے نکل چکی تھی۔ دھونی نے 12 رن بنائے جبکہ جڈیجہ 21 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پنجاب کی جانب سے ربادا اور رشی دھون نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔


ایک وقت کے لیے ایسا لگ رہا تھا کہ چنئی نے پنجاب کے بلے بازوں کو اپنے قابو میں کر لیا ہے لیکن پھر دھون اور راجا پاکسے نے وارکیا، اس کے بعد ایسا لگا کہ چنئی کے بلے باز ناکام ہو رہے ہیں، تب رائیڈو نے شاندار اننگ کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچا دیا۔ تاہم آخر میں پنجاب کے گیند بازوں نے واپسی کی اور میچ پنجاب کے جھولی میں جاگرا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔