ربادا ۔ شکھر کی بدولت پنجاب نے گجرات کو 8 وکٹوں سےدی شکست

10 میچوں میں گجرات کی یہ دوسری شکست ہے اور وہ 16 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ دوسری جانب پنجاب نے 10 میچوں میں پانچویں جیت حاصل کی ۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

تیز گیند باز کگیسو ربادا (33 رن پر 4 وکٹ) کی شاندار گیند بازی اور اوپنر شکھر دھون (ناٹ آؤٹ 62) کی شاندار نصف سنچری کی بدولت پنجاب کنگز نے ٹاپ کی ٹیم گجرات ٹائٹنز کو 24 گیندیں باقی رہتے آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔

گجرات کو 20 اووروں میں آٹھ وکٹ پر 143 کے معمولی اسکور تک محدود کرنے کے بعد پنجاب نے 16 اوور میں دو وکٹ پر 145 رن بناکر یکطرفہ جیت حاصل کی۔ یہ 10 میچوں میں گجرات کی دوسری شکست ہے لیکن وہ 16 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر سرفہرست مقام پر قائم ہے۔ دوسری جانب پنجاب نے 10 میچوں میں پانچویں جیت حاصل کی اور پانچویں پوزیشن پر پہنچ کر اپنی امیدوں کو قائم رکھا۔


گجرات کے بلے باز پنجاب کنگز کے خلاف جدوجہد کرتے نظر آئے۔ دونوں اوپنرز جلد آؤٹ ہوئے تو کپتان ہاردک پانڈیا اور ڈیوڈ ملر کا بلا بھی نہیں چل سکا اور بعد میں شکھر دھون پنجاب کی پوری اننگز پر حاوی رہے۔

شکھر نے اپنی میچ جیتانے والی نصف سنچری کے لیے 53 گیندیں کھیلیں اور اپنے ناٹ آوٹ 62 رن میں آٹھ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ شکھر نے لیام لیونگسٹن کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لیے چار اوور میں 48 رن کی ناٹ آوٹ شراکت داری کی۔ لیونگسٹن نے 10 گیندوں پر ناٹ آوٹ 30 رن میں دو چوکے اور تین چھکے لگائے۔ بھانوکا راج پکشا نے 28 گیندوں پر 40 رن میں پانچ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ جونی بیرسٹو ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔


اس سے قبل گجرات نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن گجرات کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے 67 رن پر اپنے چار وکٹ گنوا دیے۔ ایک سرے سے وکٹوں کے گرنے کے درمیان دوسرے سرے سے کھیلتے ہوئے سائی سدرشن نے 50 گیندوں میں پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آوٹ 65 رن بنائے۔

ریدھیمان ساہا نے 21، ڈیوڈ ملر نے 11، راہل تیوتیا نے 11 رن کا تعاون دیا۔ آٹھ وائیڈز سمیت 14 ایکسٹرا رن نے بھی گجرات کے اسکور میں اہم کردار ادا کیا۔ ربادا کی چار وکٹوں کے علاوہ ارشدیپ سنگھ، رشی دھون اور لیام لیونگسٹن نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔