آئی پی ایل میچ نمبر 52: بنگلور کی ایک اور شکست، حیدرآباد خیمہ پرجوش!

رائل چیلنجرس بنگلور نے سنرائزرس حیدر آباد کے سامنے جیت کے لیے 121 رنوں کا ہدف دیا تھا جسے اس نے محض 5 وکٹ کے نقصان پر پندرہویں اوور میں حاصل کر لیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

ہفتہ کے روز کھیلے گئے پہلے میچ کی طرح ہی دوسرا میچ بھی کم اسکور والا اور یکطرفہ ثابت ہوا جس میں سنرائزرس حیدر آباد نے رائل چیلنجرس بنگلور کو 5 وکٹ سے بہ آسانی شکست دے دی۔ حیدر آباد کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا جو بہت صحیح ثابت ہوا جب مقررہ 20 اوور میں 9 وکٹ کے نقصان پر بنگلور صرف 120 رن بنانے میں کامیاب ہوئی۔ جیت کے لیے 121 رنوں کا ہدف حیدر آباد نے محض 5 وکٹ کے نقصان پر 14٫1 اوور میں ہی حاصل کر لیا۔

بنگلور کی بلے بازی شروع سے ہی خراب رہی کیونکہ محض 28 رن کے اسکور پر ہی دیودت پڈیکل اور کپتان وراٹ کوہلی پویلین لوٹ گئے۔ پڈیکل نے 5 رن اور کوہلی نے 7 رن بنائے۔ سلامی بلے باز جوش فلپی کا ساتھ اے بی ڈیویلیرس نے اچھا دیا، لیکن ٹیم کا اسکور جب 71 رن تھا تو وہ 24 گیندوں پر 24 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت گیارہ اوور ہو گئے تھے اور ٹیم کو رنوں کی رفتار بڑھانے کی بھی ضرورت تھی۔ بنگلور اگلے ہی اوور میں جوش فلپی کی شکل میں زبردست جھٹکا لگا جو ابھی تک کافی اچھی بلے بازی کر رہے تھے۔ انھوں نے 31 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 32 رن بنائے۔


بعد ازاں واشنگٹن سندر اور گرکیرت سنگھ چھوٹی چھوٹی، لیکن انتہائی اہم پاری کھیلی۔ بقیہ بلے بازوں نے شیدائیوں کو مایوس ہی کیا۔ سندر نے 18 گیندوں پر 21 رن بنائے، جب کہ گرکیرت 24 گیندوں پر 15 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ مورس 3 رن اور اڈانا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ محمد سراج 3 گیندوں پر 2 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

حیدر آباد کی طرف سے سبھی گیندبازوں نے وکٹ حاصل کیے اور سب سے کفایتی گیندبازی نٹراجن نے کی جنھوں نے 4 اوور میں محض 11 رن دے کر 1 وکٹ لیا۔ سندیپ شرما نے 4 اوور میں 20 رن دے کر 2 وکٹ، جیسن ہولڈر نے 4 اوور میں 27 رن دے کر 2 وکٹ، شہباز ندیم نے 4 اوور میں 35 رن دے کر 1 وکٹ اور راشد خان نے 4 اوور میں 24 رن دے کر 1 وکٹ لیے۔


حیدر آباد کی بلے بازی کی شروعات بھی اچھی نہیں کہی جائے گی کیونکہ کپتان ڈیوڈ وارنر محض 8 رن بنا کر واشنگٹن سندر کا شکار بن گئے۔ لیکن اس کے بعد سلامی بلے باز ردھیمان ساہا اور منیش پانڈے نے ٹیم کو نہ صرف مضبوطی عطا کی بلکہ تیزی کے ساتھ رن بھی بنائے۔ تیزی سے رن بنانے کی کوشش میں ہی منیش پانڈے 19 گیندوں میں ایک چھکا اور 3 چوکے کی مدد سے 26 رن بنانے میں کامیاب ہوئے۔ منیش اور ساہا کے درمیان 5٫2 اوور میں 50 رنوں کی شراکت داری ہوئی۔

منیش پانڈے کے آؤٹ ہونے کے بعد کین ولیمسن ساہا کا ساتھ دینے کے لیے میدان میں آئے، لیکن جب ٹیم کا اسکور 87 رن پہنچا تب تک دونوں کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، اور بنگلور کسی جادو کی امید لگا بیٹھا تاکہ میچ جیت کر پلے آف میں جگہ بنائی جائے۔ پہلے ساہا 32 گیندوں پر شاندار 39 رن بنا کر یجویندر چہل کا شکار ہوئے، اور پھر کین ولیمسن محض 8 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ جیسن ہولڈر کی تعریف کرنی ہوگی جنھوں نے 10 گیندوں میں 3 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے تیز طرار ناٹ آؤٹ 26 رن بنا کر ٹیم کی جھولی میں 2 پوائنٹ ڈال دیے۔ اس درمیان ابھشیک شرما 8 رن بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ عبدالصمد بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔


گیندبازی میں بنگلور کی طرف سے یجویندر چہل سب سے کامیاب رہے جنھوں نے 3٫1 اوور میں 19 رن دے کر 2 وکٹ لیے۔ 1-1 وکٹ واشنگٹن سندر، نودیپ سینی اور اوسورو اڈانا کو حاصل ہوا جنھوں نے بالترتیب 3 اوور میں 21 رن، 2 اوور میں 30 رن اور 3 اوور میں 20 رن دیے۔ علاوہ ازیں محمد سراج نے 1 اوور میں 12 رن دیے اور کرس مورس نے 2 اوور میں 19 رن دیے، ان دونوں کو کوئی وکٹ حاصل نہیں ہوا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔