آئی پی ایل: دھونی چنئی سپر کنگز کے کور گروپ میں تبدیلی کے خواہش مند

دھونی نے کہا کہ یہ سال ہمارے لئے بہت مشکل رہا۔ لیکن ہم اگلے سیزن میں پوری صلاحیت کے ساتھ واپس آئیں گے۔اسی کے لئے ہم جانے جاتے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ابو ظبی: کنگز الیون پنجاب کے خلاف فتح کے بعد چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے کہا ہے کہ ٹیم کے کور گروپ کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ہمیں اگلے 10 سالوں کے بارے میں سوچنا ہوگا۔ آئی پی ایل کے آغاز میں ہم نے ایک ٹیم تشکیل دی تھی جس نے بہت اچھا کام کیا۔ ایک وقت ایسا آتا ہے جب آپ کو تھوڑی سی تبدیلی کرنی ہوتی ہے اور چیزوں کو اگلی نسل کے حوالے کرنا ہوتا ہے۔

دھونی نے کہا کہ یہ سال ہمارے لئے بہت مشکل رہا۔ لیکن ہم اگلے سیزن میں پوری صلاحیت کے ساتھ واپس آئیں گے۔اسی کے لئے ہم جانے جاتے ہیں ۔ تمام ٹیموں نے اس سیزن میں عمدہ کھیل کھیلا۔ اگر آپ کی ٹیم ہار رہی ہے تو پھر ڈریسنگ روم بھی متاثر ہوگا۔ لیکن اگر آپ کھیل سے لطف اندوز نہیں ہوتے ہیں تو پھر سفر اور بھی مشکل ہوجاتا ہے۔ میں اپنی ٹیم کے کھیل کے طریقے سے خوش ہوں۔


دھونی نے ریتوراج کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ریتوراج نے بہت عمدہ بیٹنگ کی۔ وہ کورونا کے بعد سے ہی ٹیم سے باہر تھے۔ پھر 20 دن بعد بھی صحت یاب نہیں ہوسکے اور فٹ نہیں ہوسکے تھے ۔ انہوں نے زیادہ مشق بھی نہیں کی تھی۔دھونی نے اتوار کے روز آئی پی ایل سے سبکدوشی کی اپنی قیاس آرائیوں کو ختم کردیا۔ پنجاب کے خلاف ٹاس کے دوران ڈینی موریسن نے ان سے پوچھا کہ کیا یہ آپ کا آئی پی ایل میں پیلے رنگ کی جرسی کا آخری میچ ہے؟ اس پر دھونی نے فورا جواب دیا کہ بالکل نہیں۔

واضح رہے کہ سیزن کے 53ویں میچ میں چنئی سپر کنگز نے کنگز الیون پنجاب کو 9 وکٹوں سے شکست دی۔ اس شکست کے ساتھ ہی پنجاب کو پلے آف ریس سے باہر کردیا ۔ اس کے 14 میچوں میں 6 جیت کے ساتھ 12 پوائنٹس ہیں۔ اسی کے ساتھ ہی چنئی پہلے ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہوچکی ہے۔ وہ بھی 14 میں سے صرف 6 میچ جیت سکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔