آئی پی ایل 2023: ایک بار پھر دیکھنے کو ملا دلچسپ مقابلہ، آخری گیند پر ممبئی نے دہلی کو شکست دے کر درج کی پہلی جیت

ممبئی کی طرف سے پیوش چاؤلہ قابل ذکر گیندباز رہے جنھوں نے 4 اوور میں محض 22 رن دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، 3 وکٹ جیسن بہرینڈورف کو بھی ملے جنھوں نے 3 اوور میں 23 رن دیے۔

<div class="paragraphs"><p>روہت شرما اور تلک ورما، تصویر @IPL</p></div>

روہت شرما اور تلک ورما، تصویر @IPL

user

تنویر

آئی پی ایل میں آج ایک بار پھر سانسیں تھام دینے والا مقابلہ دیکھنے کو ملا جس میں آخری گیند پر ممبئی انڈینز نے دہلی کیپٹلز کو شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی جیت درج کی۔ جب تک ممبئی کے کپتان روہت شرما وکٹ پر موجود تھے، ایسا لگ رہا تھا جیسے ممبئی بہ آسانی میچ جیت سکتا ہے، لیکن ان کے آؤٹ ہوتے ہی دہلی کے گیندبازوں نے واپسی کی اور میچ کو اس دہانے پر پہنچا دیا جہاں آخر گیند پر ممبئی کو جیت کے لیے 2 رن چاہیے تھے۔ اینرک نارخیا کی آخری گیند پر ٹم ڈیوڈ نے دوڑ کر جیسے 2 رن پورے کیے، ممبئی کے پورے خیمہ میں خوشی کا ماحول پھیل گیا۔

آج ممبئی کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ دہلی کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے ایک بار پھر دھیمی نصف سنچری بنائی جو ٹیم کے لیے فکر انگیز ہے۔ ورنہ اکشر پٹیل نے جس طرح کی طوفانی اننگ کھیلی، ایک وقت دہلی کی ٹیم 200 کے قریب پہنچتی ہوئی دکھائی دے رہی تھی۔ دہلی کے سلامی بلے باز پرتھوی شا ایک بار پھر اپنی اچھی شروعات کو باری پاری میں نہیں بدل سکے اور 10 گیندوں پر 15 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ڈیوڈ وارنر نے 47 گیندوں پر 51 رنوں کی اننگ کھیلی اور وہ انیسویں اوور میں پویلین لوٹے۔ منیش پانڈے نے 18 گیندوں پر 26 رن اور اکشر پٹیل نے 27 گیندوں میں 54 رن کی اننگ کھیلی۔ باقی کوئی بھی بلے باز دوہرے ہندسے تک نہیں پہنچ پایا۔ یہ بات بھی قابل غور ہے کہ دہلی کی پوری ٹیم 19.4 میں 172 رن بنا کر آل آؤٹ ہو گئی اور آخر کے 7 رن بنانے میں ہی 5 وکٹ گر گئے۔


ممبئی کی طرف سے پیوش چاؤلہ قابل ذکر گیندباز رہے جنھوں نے 4 اوور میں محض 22 رن دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ 3 وکٹ جیسن بہرینڈورف کو بھی ملے جنھوں نے 3 اوور میں 23 رن دیے۔ 2 وکٹ ریلے میرڈتھ (3.4 اوور میں 34 رن) اور 1 وکٹ رتک شوکین (4 اوور میں 43 رن) کے حصے میں آئے۔ تلک ورما (1 اوور میں 7 رن)، ارشد خان (1 اوور میں 12 رن) اور کیمرون گرین (3 اوور میں 30 رن) وکٹ سے محروم رہے۔

جب ممبئی کے سلامی بلے باز کپتان روہت شرما اور ایشان کشن 173 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرنے اترے تو پہلے ہی اوور سے آتشی رنگ دکھا دیا۔ پہلے اوور میں روہت شرما نے 14 رن بنا ڈالے اور پھر جب ایشان کشن (26 گیند میں 32 رن) کی شکل میں پہلا وکٹ گرا تو اس وقت ٹیم کا اسکور 7.3 اوور میں 71 رن تھا۔ پھر تلک ورما نے کپتان کا بھرپور ساتھ دیا اور 29 گیندوں پر تیز طرار 41 رن بنا کر مکیش کمار کا شکار بنے۔ لیکن سوریہ کمار ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے جو پہلی ہی گیند پر اپنا کیچ دے بیٹھے۔ اس وقت ٹیم کا اسکور 139 رن تھا اور 3 وکٹ گر چکے تھے، لیکن روہت شرما کی شکل میں چوتھا جھٹکا 143 کے اسکور پر لگا جب وہ 45 گیندوں میں 65 رن بنا کر مستفیض الرحمن کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔ یہیں سے کھیل دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا کیونکہ ایک وقت جو 19 گیندوں پر جیت کے لیے 30 رن درکار تھے، آخر اوور میں 5 رن کا ہدف ممبئی کو ملا۔ یہ ہدف بھی ممبئی نے آخری گیند پر حاصل کیا۔ ٹیم ڈیوڈ نے 11 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 13 رن اور کیمرون گرین نے 8 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 17 رنوں کی انتہائی اہم اننگ کھیلی۔


دہلی کی طرف سے کامیاب گیندباز مکیش کمار رہے جنھوں نے 2 وکٹ لیے اور 2 اوور میں 30 رن خرچ کیے۔ 1 وکٹ مستفیض الرحمن کو ملا جنھوں نے 4 اوور میں 38 رن دیے۔ باقی سبھی گیندباز وکٹ سے محروم رہے، لیکن اینرک نارخیا نے آخر کے کچھ اوورس میں بہترین گیندبازی کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے میچ آخری گیند تک پہنچ سکا۔ بہرحال، مقررہ 20 اوور میں ممبئی نے 4 وکٹ کے نقصان پر 173 رنوں کا ہدف حاصل کر لیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔