آئی پی ایل 2023: شاہ رخ خان کی موجودگی میں کولکاتا نائٹ رائیڈرس کا دھمال، آر سی بی کو 81 رنوں سے ہرایا

کولکاتا کی ’اسپن تکڑی‘ یعنی ورون چکرورتی، سنیل نرائن اور سویش شرما کے سامنے آر سی بی کا کوئی بھی بلے باز جم کر نہیں کھیل پایا، ان تینوں نے ہی مل کر 9 وکٹ حاصل کر لیے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر @IPL</p></div>

تصویر @IPL

user

تنویر

آئی پی ایل 2023 میں آج بالی ووڈ کے بادشاہ یعنی شاہ رخ خان کی موجودگی میں کولکاتا نائٹ رائیڈرس کی زبردست کارکردگی کا نظارہ دیکھنے کو ملا۔ مقابلہ کولکاتا کے ایڈن گارڈن میدان پر کولکاتا نائٹ رائیڈرس اور رائل چیلنجرس بنگلور (آر سی بی) کے درمیان کھیلا گیا۔ کولکاتا نے بنگلور کے سامنے جیت کے لیے 205 رنوں کا ہدف رکھا تھا، لیکن ’اسپن تکڑی‘ یعنی ورون چکرورتی، سنیل نرائن اور سویش شرما کے سامنے کوئی بھی بلے باز جم کر نہیں کھیل پایا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ آر سی بی کو 81 رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

آج ٹاس بنگلور کے کپتان فاف ڈوپلیسس نے جیتی اور پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ کولکاتا کی شروعات اچھی نہیں رہی کیونکہ لگاتار وقفہ پر وکٹ گرتے رہے اور 11.3 اوور کے بعد اسکور 5 وکٹ کے نقصان پر 89 رن تھا۔ لیکن اس کے بعد حالات پوری طرح سے بدل گئے کیونکہ رنکو سنگھ اور شاردل ٹھاکر کے درمیان 103 رنوں کی طوفانی شراکت داری ہوئی۔ تعریف سلامی بلے باز رحمن اللہ گرباز کی بھی کرنی ہوگی کیونکہ ایک طرف وکٹ گرتے رہے اور دوسری طرف انھوں نے 44 گیندوں پر انتہائی اہم 57 رنوں کی اننگ کھیلی۔ رنکو سنگھ نے 33 گیندوں پر 46 رن اور شاردل ٹھاکر نے محض 29 گیندوں پر 68 رن بنائے۔ باقی کوئی بھی بلے باز دوہرے ہندسے تک نہیں پہنچ پایا۔ پھر بھی کولکاتا 20 اوورس میں 7 وکٹ کے نقصان پر 204 رن بنانے میں کامیاب ہو گئی۔


بنگلور کی طرف سے ڈیوڈ ولی گیندبازی میں قابل تعریف کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انھوں نے 4 اوور میں محض 16 رن دے کر 2 اہم کھلاڑیوں (ونکٹیش ایر، مندیپ سنگھ) کو آؤٹ کیا۔ 2 وکٹ کرن شرما کو بھی ملے جنھوں نے 3 اوور میں 26 رن دیے۔ محمد سراج (4 اوور میں 44 رن)، مائیکل بریسویل (3 اوور میں 34 رن) اور ہرشل پٹیل (3 اوور میں 38 رن) کو 1-1 وکٹ ملے۔

205 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرنے کے لیے جب آر سی بی کے سلامی بلے باز وراٹ کوہلی اور کپتان فاف ڈوپلیسس اترے تو انھوں نے شروعات بہت شاندار دی تھی۔ دونوں ہی بلے بازوں نے تیزی سے رن بنانے کا سلسلہ شروع کیا تھا اور 4.4 اوور میں ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے 44 رن بنانے میں کامیابی حاصل کر لی تھی، لیکن پانچویں اوور کی پانچویں گیند ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوئی کیونکہ سنیل نرائن نے کوہلی (18 گیندوں پر 21 رن) کو کلین بولڈ کر دیا۔ اگلے ہی اوور میں ڈوپلیسس (12 گیندوں پر 23 رن) ورون چکرورتی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ ورون چکرورتی نے ہی اپنے اگلے اوور میں گلین میکسویل (7 گیندوں میں 5 رن) اور ہرشل پٹیل (2 گیندوں میں صفر) کو پویلین بھیج کر کولکاتا کو مضبوط پوزیشن میں لا دیا۔ پھر تو لگاتار وقفہ پر وکٹ گرتے ہی چلے گئے۔


میچ جب آگے بڑھا تو سنیل نرائن نے شہباز احمد (5 گیندوں پر 1 رن) کو اور پھر شردل ٹھاکر نے مائیکل بریسویل (18 گیندوں میں 19 رن) کو آؤٹ کر آر سی بی کی امیدیں تقریباً ختم کر دیں۔ باقی کا کام اپنا پہلا میچ کھیل رہے سویش شرما نے کر دیا جنھوں نے دنیش کارتک (8 گیندوں میں 9 رن)، انوج راوت (5 گیندوں میں 1 رن) اور کرن شرما (3 گیندوں پر 1 رن) کو تھوڑے تھوڑے وقفہ پر آؤٹ کر دیا۔ لیکن جیت پر مہر لگائی ورون چکرورتی نے جنھوں نے آخری بلے باز آکاش دیپ (8 گیندوں پر 17 رن) کو خود اپنی ہی گیند پر بہترین کیچ لے کر آؤٹ کیا۔ ڈیوڈ ویلی 20 گیندوں پر 20 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ کولکاتا کی مجموعی گیندبازی لاجواب رہی اور تینوں اسپنر نے مل کر 9 وکٹ آپس میں بانٹ لیے۔ 3.4 اوور میں 15 رن دے کر 4 وکٹ چکرورتی نے، 4 اوور میں 30 رن دے کر 3 وکٹ سویش نے اور 4 اوور میں 16 رن دے کر 2 وکٹ سنیل نرائن نے لیے۔ 1 وکٹ شاردل ٹھاکر کو ملا جنھوں نے 2 اوور میں 15 رن دیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔