آئی پی ایل 2023: یکطرفہ مقابلے میں گجرات ٹائٹنس نے راجستھان رائلز کو 9 وکٹ سے ہرایا، راشد خان پلیئر آف دی میچ قرار

راجستھان کی پوری ٹیم 17.5 اوور میں 118 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی، گجرات نے 119 رنوں کا ہدف محض ایک وکٹ کے نقصان پر 13.5 اوور میں حاصل کر لیا۔

<div class="paragraphs"><p>ہاردک پانڈیا، راشد خان اور جوش لٹل، تصویر @IPL</p></div>

ہاردک پانڈیا، راشد خان اور جوش لٹل، تصویر @IPL

user

تنویر

آئی پی ایل میں روزانہ سانسیں روک دینے والے مقابلے دیکھنے کے عادی ہو چکے کرکٹ شیدائیوں کو آج شدید مایوسی ہاتھ لگی کیونکہ گجرات ٹائٹنس نے راجستھان رائلز کو یکطرفہ مقابلے میں 9 وکٹ سے ہرا دیا۔ پہلے گجرات کے گیندبازوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، اور پھر جب بلے بازی کی باری آئی تو کبھی بھی وہ میچ میں پیچھے دکھائی نہیں دیے۔ راجستھان کی پوری ٹیم 17.5 اوور میں 118 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی، اور گجرات نے 119 رنوں کا ہدف محض ایک وکٹ کے نقصان پر 13.5 اوور میں حاصل کر لیا۔

آج ٹاس راجستھان کے کپتان سنجو سیمسن نے جیتا تھا اور بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا۔ اس فیصلے کو راجستھان کے بلے بازوں نے غلط ثابت کر دیا کیونکہ صرف کپتان سیمسن ہی 30 رن (20 گیندوں پر) بنا کر کچھ بہتر کارکردگی پیش کر سکے، باقی کسی نے بھی 15 سے زیادہ رن نہیں بنائے۔ 7 کھلاڑی تو دوہرے ہندسے تک بھی نہیں پہنچ سکے۔ یشسوی جیسوال نے 14 رن، دیودَت پڈیکل نے 12 رن اور ٹرینٹ بولٹ نے 15 رنوں کا تعاون کیا۔ راجستھان کی ٹیم پورے 20 اوور بھی نہیں کھیل سکی اور 17.5 اوور میں صرف 118 رن بنا سکی۔


راشد خان گجرات کی طرف سے سب سے بہترین گیندباز ثابت ہوئے جنھوں نے 4 اوور میں محض 14 رن دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس کارکردگی کے لیے راشد خان کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ 2 وکٹ نور احمد کو حاصل ہوئے جنھوں نے 3 اوور میں 25 رن دیے۔ محمد سمیع (4 اوور میں 27 رن)، ہاردک پانڈیا (2 اوور میں 22 رن) اور جوش لٹل (4 اوور میں 24 رن) کو 1-1 وکٹ ملے۔ موہت شرما کو صرف 5 گیندیں پھینکنے کا موقع ملا جنھوں نے 5 رن دیے اور کوئی وکٹ انھیں نہیں ملا۔

گجرات کی ٹیم جب 119 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرنے اتری تو سلامی بلے باز ردھیمان ساہا شروع سے ہی تیزی سے رن بنانے کی کوشش کرتے نظر آئے۔ وہ آخر تک آؤٹ نہیں ہوئے اور 34 گیندوں پر 41 رن بنائے۔ شبھمن گل کچھ دھیما ضرور کھیلے، لیکن 119 رنوں کے ہدف کو دیکھتے ہوئے گجرات کے لیے یہ نقصاندہ نہیں ہوا۔ شبھمن گجرات کے واحد بلے باز رہے جو آؤٹ ہوئے۔ انھوں نے 35 گیندوں پر 36 رن بنائے۔ کپتان ہاردک پانڈیا کی تعریف کرنی ہوگی جنھوں نے آتے کے ساتھ طوفانی انداز اختیار کر لیا اور محض 15 گیندوں پر 39 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔


راجستھان کی طرف سے یجویندر چہل اور سندیپ شرما کے علاوہ سبھی گیندباز کم اسکور والے میچ میں بھی خرچیلے ثابت ہوئے۔ چہل نے 3.5 اوور میں 22 رن دے کر 1 وکٹ لیا، اور سندیپ شرما نے 3 اوور میں 19 رن دیے۔ ایڈم زیمپا سب سے زیادہ مہنگے رہے جنھوں نے 3 اوور میں 40 رن لٹا دیے۔ علاوہ ازیں ٹرینٹ بولٹ نے 3 اوور میں 28 رن اور روی چندرن اشون نے 1 اوور میں 8 رن خرچ کیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔