آئی پی ایل 2023: دہلی نے لگائی شکست کی ہیٹ ٹرک، راجستھان کی یکطرفہ مقابلے میں 57 رنوں سے جیت

دہلی کی بلے بازی شروع ہوئی تو پہلے ہی اوور میں ٹرینٹ بولٹ نے 2 وکٹ لے کر تہلکہ مچا دیا، پرتھوی شا 3 گیندوں پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، اور اگلی ہی گیند پر منیش پانڈے بھی آؤٹ ہو گئے۔

<div class="paragraphs"><p>جوس بٹلر اور یشسوی جیسوال</p></div>

جوس بٹلر اور یشسوی جیسوال

user

قومی آوازبیورو

آئی پی ایل 2023 میں دہلی کیپٹلز کے لیے رشبھ پنت کی غیر موجودگی مایوس کن ثابت ہو رہی ہے۔ زخمی رشبھ پنت کی جگہ پر آسٹریلیائی بلے باز ڈیوڈ وارنر کو ٹیم کا کپتان بنایا گیا ہے، لیکن وہ بری طرح ناکام ثابت ہو رہے ہیں۔ اس آئی پی ایل کی شروعاتی تین میچوں میں دہلی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ راجستھان رائلز کے خلاف آج کھیلے گئے میچ میں دہلی کو 57 رنوں سے ہار ملی۔ راجستھان کے لیے یہ تین مچیوں میں دوسری جیت ہے۔

آج جب راجستھان کے سلامی بلے باز یشسوی جیسوال اور جوس بٹلر میدان میں اترے تو شروع سے ہی طوفانی انداز اختیار کیے ہوئے دکھائی دیے۔ خصوصاً یشسوی جیسوال (30 گیندوں پر 11 چوکے اور 1 چھکا کی مدد سے 60 رن) نے تو پہلے ہی اوور میں خلیل احمد کو 5 چوکے لگا دیے۔ انھوں نے اپنی نصف سنچری 25 گیندوں پر پوری کی۔ دوسری طرف بٹلر بھی پیچھے نہیں رہے اور انھوں نے 32 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں ہی سلامی بلے بازوں کی اس سیریز میں یہ دوسری نصف سنچری رہی۔ دونوں نے پہلے وکٹ کے لیے 8.3 اوور میں 98 رن جوڑے۔ بٹلر نے 51 گیدنوں پر 11 چوکے اور 1 چھکا کی مدد سے 79 رن بنائے۔


راجستھان کے کپتان سنجو سیمسن اور ریان پراگ نے مایوس ضرور کیا، لیکن شمرن ہٹمائر نے آخر میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ انھوں نے 21 گیندوں میں 39 رن بنائے اور ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔ دیکھا جائے تو تین کھلاڑیوں کی زبردست بلے بازی نے ہی راجستھان کو 20 اوور میں 4 وکٹ کے نقصان پر 199 کے اسکور تک پہنچا دیا۔ دہلی کی طرف سے مکیش کمار سب سے زیادہ کامیاب گیندباز ثابت ہوئے جنھوں نے 4 اوور میں 36 رن دے کر 2 وکٹ لیے۔ 1-1 وکٹ کلدیپ یادو (4 اوور میں 31 رن) اور روومن پاویل (2 اوور میں 18 رن) کو ملے۔

جب دہلی کی بلے بازی شروع ہوئی تو پہلے ہی اوور میں ٹرینٹ بولٹ نے 2 وکٹ لے کر تہلکہ مچا دیا۔ امپیکٹ پلیئر کی شکل میں کھیلنے اترے پرتھوی شا 3 گیندوں پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، اور پھر اگلی ہی گیند پر منیش پانڈے بھی آؤٹ ہو گئے۔ ریلی روسو بھی کچھ خاص نہیں کر سکے جنھیں روی چندرن اشون نے 14 رن کے انفرادی اسکور پر پویلین بھیج دیا۔ للت یادو (24 گیندوں پر 38 رن) کپتان ڈیوڈ وارنر کے ساتھ مل کر ٹیم کو بہتر پوزیشن میں لانے کی کوشش کر رہے تھے، لیکن بولٹ نے انھیں بولڈ آؤٹ کر کے دہلی کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ اس کے بعد تو کوئی دیگر بلے باز ٹھہر کر کھیل ہی نہیں پایا۔ ایک طرف ڈیوڈ وارنر ضرور کھیل رہے تھے، لیکن رن بنانے کی رفتار بہت دھیمی تھی، اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ دہلی کبھی جیت کی طرف پہنچتا دکھائی ہی نہیں پڑا۔ وارنر 19ویں اوور کی آخری گیند پر جب آؤٹ ہوئے تو وہ 65 رن بنانے کے لیے 55 گیند کھیل چکے تھے۔ دہلی کا اسکور 139 رن تھا جب وہ پویلین لوٹے۔ مقررہ 20 اوور میں دہلی 9 وکٹ کے نقصان پر محض 142 رن بنا سکی۔ اس طرح اسے 57 رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔


راجستھان کی طرف سے ٹرینٹ بولٹ (4 اوور میں 29 رن) اور یجویندر چہل (4 اوور میں 27 رن) کو 3-3 وکٹ حاصل ہوئے۔ 2 وکٹ روی چندرن اشون (4 اوور میں 25 رن) اور ایک وکٹ سندیپ شرما (4 اوور میں 20 رن) کو ملے۔ جیسن ہولڈر (3 اوور میں 28 رن) اور مروگن اشون (1 اوور میں 11 رن) وکٹ سے محروم رہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔