آئی پی ایل 2020: دہلی پر باہر ہونے کا خطرہ، حیدرآباد کی امیدیں برقرار

دہلی کیپٹلز کی ٹیم کو گزشتہ تین میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اسی وجہ سے ٹیم کے پلے آف میں پہنچنے کا انتظار بڑھ گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ابو ظہبی: انڈین پریمیر لیگ کے 13 ویں سیزن میں شاندار آغاز کے بعد دہلی کیپٹلز کی ٹیم اب لڑکھڑائی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ اب نصف سیزن گزر جانے کے بعد دہلی کیپٹلز کے پلے آف تک پہنچنے پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ دہلی کیپٹلز کی ٹیم کو گزشتہ تین میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اسی وجہ سے ٹیم کے پلے آف میں پہنچنے کا انتظار بڑھ گیا ہے۔ دوسری جانب، سن رائزرس حیدرآباد نے دہلی کیپٹل کو 88 رنز سے شکست دے کر پلے آف میں پہنچنے کی امیدوں کو زندہ رکھا ہے۔

کوالیفائی کرنے کے لئے دہلی کو صرف ایک میچ جیتنے کی ضرورت ہے لیکن اس کے لئے دو میں سے ایک میچ جیتنا آسان نہیں ہے۔ دہلی کیپٹلز کے لیگ راؤنڈ میں دو میچ باقی ہیں اور ان میں اس کا مقابلہ پوائنٹس ٹیبل میں پہلی اور دوسری پوزیشن والی ممبئی انڈینز اور رائل چیلنجرز بنگلور سے ہوگا۔


حیدرآباد کے بلے بازوں نے منگل کے روز اس سیزن کی اب تک کی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بڑا اسکور بنایا۔ ردھیمان ساہا کی 87 رنز اور کپتان ڈیوڈ وارنر کی 66 رنز کی اننگز کی مدد سے 2016 کی فتحیاب حیدرآباد کی ٹیم نے 20 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز اسکور کیے۔

دہلی نے اب جس طرح کی بلے بازی کی ہے اسے دیکھ کر توقع کی جا رہی تھی کہ وہ اس ہدف کو حاصل کر سکتی ہے لیکن بلے بازوں کے بعد حیدرآباد کے بولروں نے دہلی پر لگام لگا دی اور پوری ٹیم 19 اوورز میں 131 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ حیدرآباد کی جانب سے راشد خان نے چار اوورز میں سات رن پر تین وکٹیں حاصل کیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔