آئی پی ایل 2020: ایس آر ایچ نے ہمیں ہر شعبہ میں مات دی، دہلی کیپیٹلز کے کوچ رکی پونٹنگ

دہلی کیپیٹلز کے ٹاپ آرڈر بلے بازوں کے بارے میں پونٹنگ نے کہا کہ اگر کوئی ایک بلے باز ٹک کر کھیلتا اور بڑا اسکور بناتا، یعنی 60 یا 70 رنز سے زیادہ کی اننگز کھیلتا تو ہم شاید میچ جیت سکتے تھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ابو ظہبی: دہلی کیپیٹلز (ڈی سی) کے کوچ رکی پونٹنگ کو یہ اعترف کرنے میں کوئی پریشانی نہیں ہے کہ آئی پی ایل میچ میں سن رائزرس حیدرآباد (ایس آر ایچ) نے ان کی ٹیم کو تمام شعبوں میں شکست فاش دی ہے۔ انہوں نے پچ پر الزام تراشی کرنے سے بھی انکار کر دیا اور کہا کہ جب ان کی ٹیم بیٹنگ کر رہی تھی تو پچ کی حالت خراب نہیں تھی۔

دہلی کیپیٹلز کی سیزن کی یہ پہلی شکست ہے۔ سن رائزرز کے 163 رنز کے ہدف کے تعاقب میں، دہلی کی ٹیم منگل کی شب میں سات وکٹوں پر 147 رن ہی بنا سکی اور اسے 15 رنوں سے ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا موسم کا کوئی فرق میچ پر پڑا، پونٹنگ نے زور دیتے ہوئے کیا کہ سن رائزرز نے ان کی ٹیم سے بہتر منصوبہ بندی کی اور اس پر بہتر طریقہ سے عمل درآمد کیا۔


پونٹنگ نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں کہا، ’'مجھے نہیں لگتا کہ صورتحال اتنی مختلف تھی۔ گراؤنڈ بڑا تھا، یہاں اسکوائر باؤنڈری بڑی تھی، لیکن آخر میں سن رائزرس حیدرآباد نے ہمیں شکست دی۔‘‘ انہوں نے کہا، ’’ہم اپنی پوری کوشش نہیں کر سکے۔ سن رائزرس نے ٹاپ آرڈر میں اچھی شراکت داریاں کیں اور اسٹرائیک کو اچھی طرح سے روٹیٹ کیا اور کچھ کھلاڑیوں نے بڑے اسکور بنائے۔ میچ میں یہی بڑا فرق ثابت ہوا۔‘‘

واضح رہے کہ اوپنر جانی بیئرسٹو کی نصف سنچری اور راشد خان کی عمدہ بولنگ کی بدولت سن رائزرس حیدرآباد نے دہلی کی ٹیم کو شکست دے کر آئی پی ایل کے 13 ویں سیزن میں جیت کا کھاتہ کھولا۔ دہلی کیپیٹلز کے ٹاپ آرڈر بلے بازوں کے بارے میں پونٹنگ نے کہا، ’’اگر کوئی ایک بلے باز ٹک کر کھیلتا اور بڑا اسکور بناتا، یعنی اگر کوئی کھلاڑی 60 یا 70 رنز سے زیادہ کی اننگز کھیلتا تو ہم شاید میچ جیت سکتے تھے۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔