آئی پی ایل 2020: حیدرآباد سے شکست کے بعد پنجاب کے کپتان راہل مایوس، دیا یہ بیان

آئی پی ایل 2020 کے 21 ویں مقابلہ میں سن رائزرس حیدرآباد نے کنگز الیون پنجاب کو 69 رنوں سے شکست دی، اس ہار سے کپتان کے ایل راہل کافی مایوس نظر آئے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ابو ظہبی: آئی پی ایل 2020 کے 22 ویں میچ میں سن رائزرس حیدرآباد نے کنگز الیون پنجاب کو 69 رنز سے شکست دی۔ اس سیزن میں چھ میچوں میں پنجاب کی یہ پانچویں شکست ہے۔ حیدرآباد کے خلاف اس شکست سے پنجاب کے کپتان کے ایل راہل بہت مایوس ہیں۔

میچ کے بعد کے ایل راہل نے کہا، "جب ہم پاور پلے میں وکٹیں گنوا دیتے ہیں تو ٹیم کے لئے یہ سب سے مشکل ہو جاتا ہے۔ خاص طور پر جب آپ میچ میں صرف چھ بلے بازوں کے ساتھ میدان میں اتر رہے ہیں۔"

وہیں، مینک اگروال کے رن آؤٹ پر پنجاب کے کپتان نے کہا کہ ان کا آؤٹ ہونا ہمارے لئے سب سے بڑا جھٹکا تھا۔ راہل نے مزید کہا، ہم پچھلے پانچ میچوں سے ڈیتھ اوور میں جدوجہد کر رہے تھے لیکن آج ہم نے اس میں بہتری لائی ہے۔ حیدرآباد نے جس طرح سے آغاز کیا اس کو دیکھتے ہوئے ایسا لگتا تھا کہ وہ آسانی سے 230 رنز بنا لیں گے لیکن ہم نے انہیں صرف 201 رنز پر روک دیا۔ ہماری باؤلنگ کے لئے یہ اچھی چیز ہے۔


راہل نے نیکولس پورن کی مزید تعریف کی جنہوں نے اس سیزن میں سب سے تیز نصف سنچری اسکور کی۔ پورن کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پورن نے جس طرح کی بیٹنگ کی اسے دیکھ کر اچھا لگا۔ جب بھی انہیں موقع ملتا ہے، وہ ٹیم کے لئے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ پچھلے سال بھی انہوں نے کچھ عمدہ اننگز کھیلی تھی۔ یہ ہمارے لئے بھی ایک مثبت چیز ہے۔

شکست سے مایوس کپتان راہل نے مزید کہا کہ ہم سب پیشہ ور کھلاڑی ہیں اور ہم ٹیم کو درپیش مسائل کو سمجھتے ہیں۔ بحیثیت کپتان آپ سب کو ساتھ لیتے ہیں۔ ٹیم میں سبھی باصلاحیت کھلاڑی ہیں لیکن بعض اوقات معاملات آپ کے مطابق نہیں ہوتے۔ غورطلب ہے کہ اس میچ میں حیدرآباد نے کھیل سے قبل 20 اوورز میں 201 رنز بنائے تھے۔ جواب میں کنگز الیون پنجاب 16.5 اوورز میں 132 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔