آئی پی ایل 2020: ہماری توجہ ’رن ریٹ‘ پر نہیں، جیت پر مرکوز تھی، شریئس ایر

دہلی کیپٹلز کے کپتان ٹاپ-2 میں پہنچ کر مسرور ہیں جبکہ کوہلی کی ٹیم ہار کے باوجود پلے آف میں پہنچ گئی ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ابو ظہبی: دہلی کیپٹلز نے رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) پر 6 وکٹ سے جیت کے بعد پوئنٹس ٹیبل میں دوسرا مقام حاصل کرتے ہوئے پلے آف میں جگہ بنا لی ہے۔ کیپٹلز کی اس کامیابی پر ٹیم کے کپتان شریئس ایر نے کہا کہ ان کی ٹیم میچ میں جیت حاصل کرنے کے ارادے سے اتری تھی اور ان کی توجہ رن ریٹ کی طرف نہیں تھی۔ خیال رہے کہ بہتر رن ریٹ ہونے کے سبب رائل چیلنجرز بنگلور دہلی سے ہار جانے کے باوجود، پلے آف کے لئے کوالیفائی کر گئی ہے۔

ایر نے جیت کے بعد کہا، ’’میں اپنی ٹیم کی کارکردگی سے کافی خوش ہوں۔ ہمیں معلوم تھا کہ یہ کرو یا مرو کا مقابلہ ہے اور ہماری توجہ صرف اور صرف جیت پر تھی، نیٹ رن ریٹ پر نہیں۔ دوسرے ہاف میں جیت درج کرنے والی ٹیموں نے منظرنامہ کو پوری طرح تبدیل کر دیا ہے۔ یقینی طور پر یہ سخت مقابلہ والا ٹورنامنٹ ہے۔‘‘


شریئس ایر نے گیند بازوں کی جم کر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے حکمت عملی کو بخوبی انجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’مجھے لگتا ہے کہ گیند بازوں نے حکمت عملی کو صحیح طریقہ سے انجام دیا اور انہیں معلوم تھا کہ کیا کرنا ہے۔ ہوٹل یں ہم نے کچھ سیزنز میں حریف ٹیم کے کمزور اور مضبوط پہلؤں کی بات کی تھی، مجھے لگتا ہے کہ آج یہ کام کر گیا۔‘‘

ممبئی کے خلاف پہلے کوالیفائی کے تعلق سے انہوں نے کہا، ’’ممبئی ٹورنامنٹ کی بہترین ٹیموں میں سے ایک ہے۔ ہمیں چیزوں کو آسان رکھنا ہوگا، بیسک پر توجہ دینی ہوگی۔ میٹنگ میں بھی اسی حوالہ سے گفت و شنید کی گئی۔‘‘ ادھر، بنگلور کے کپتان وراٹ کوہلی نے ہارنے کے بعد کہا کہ ان کے لئے ملے جلے احساس ہیں کیونکہ انہیں میچ ہار جانے کی مایوسی تو ہے لیکن پلے آف میں مقام بنانے کی خوشی بھی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔